مودی ۔ میکرون ٹیلی فونی بات چیت، کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال، فرانس کا دعویٰ

   

ہندوستان کے بیان میں کشمیر کا حوالہ دینے سے گریز، دونوں قائدین کے مابین باہمی ، علاقائی و عالمی تعلقات پر گفتگو
نئی دہلی 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت فرانس نے پیر کو کہاکہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر وہ قریبی نظر رکھا ہوا ہے اور وزیراعظم نریندر مودی سے فرانسیسی صدر ایمنویل میکرون کے درمیان تین دن قبل ٹیلی فون پر کی گئی بات چیت میں بھی اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فرانسیسی ایلیسی محل سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں قائدین نے دوٹوک اور اعتماد کے جذبہ سے کشمیری علاقہ کی صورتحال پر بات چیت کی۔ یہ جذبہ باہمی تعلقات کی اہم خصوصیات میں شامل ہے۔ فرانسیسی سفارت خانہ نے کہاکہ ’دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو انفرادی نوعیت بخشنے والے جذبے، اعتماد و صاف گوئی کے ساتھ فرانسیسی صدر اور ہندوستانی وزیراعظم نے علاقہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ فرانس اس صورتحال پر قریبی نظر رکھا ہوا ہے۔ تاہم مودی اور میکرون کے مابین بات چیت کے بعد حکومت کشمیر کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کشمیر کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا۔وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دونوں قائدین نے باہمی مفادات سے متعلق متعدد مسائل، باہمی تعلقات کے علاوہ علاقائی و عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزارت اُمور خارجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتہ حکومت نے 15 بیرونی ممالک کے نمائندوں کو جموں و کشمیر کا دورہ کروایا تھا تاکہ اگسٹ میں جموں و کشمیر کے خصوصی موقف سے متعلق دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد اُس علاقہ میں معمول کے حالات کو بحال کرنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کو دیکھ سکیں۔ لیکن یوروپی ممالک کے سفراء اس وفد کا حصہ نہیں تھے۔ فرانسیسی بیان میں کہا گیا ہے کہ میکرون اور مودی نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں می کی ضرورت پر ایک دوسرے سے مماثل نظریات کا اظہار کیا اور کہاکہ وہ اس تنازعہ کے فریقوں کو احساس ذمہ داری کے ساتھ صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کشیدگی میں کمی کے لئے مشترکہ طور پر کام کرسکتے ہیں۔ امریکی ڈرون حملے میں ایرانی القدس فورس کے سربراہ میجر جنرل سلیمانی کی ہلاکت اور جوابی کارروائی کے طور پر ایران کی طرف سے عراق میں امریکی اڈوں کو میزائیل حملوں کا نشانہ بنائے جانے کے بعد مشرق وسطیٰ خطرناک کشیدگی کی گرفت میں ہے۔ فرانسیسی بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں قائدین نے ہند ۔ بحرالکاہل علاقہ میں کارکردگی کے تعاون میں اضافہ، سیول نیوکلیر اور فوجی شعبوں میں باہمی تعاون مستحکم کرنے سے بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں قائدین نے رواں سال کے دوران وزارتی وفود کے تبادلوں میں اضافہ میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعظم مودی نے بیارٹز میں جی ۔ 7 چوٹی کانفرنس کے آغاز سے عین قبل 22 اگسٹ 2019 ء کو صدر میکرون سے تفصیلی ملاقات کی تھی اور دونوں قائدین نے باہمی تعلقات کو مستحکم بنانے سے اتفاق کیا تھا۔