مورکل ہندوستان کے نئے بولنگ کوچ

   

نئی دہلی: راہول ڈریوڈ کی میعاد ختم ہونے کے بعد، بی سی سی آئی نے گوتم گمبھیر کو ٹیم انڈیا کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا۔ گوتم گمبھیر کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد ہندوستان کے کوچنگ اسٹاف میں تبدیلی آئی ہے۔ ابھیشیک نائر اور ریان ٹین ڈوشیٹ کو اسسٹنٹ کوچ کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ اب گمبھیر کے آنے کے ساتھ ہی ہندوستان کو اپنا نیا بولنگ کوچ بھی مل گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ باؤلر مورنے مورکل ہندوستان کے نئے باؤلنگ کوچ بن گئے ہیں۔کرک بز کے مطابق مورنے مورکل ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نئے بولنگ کوچ بن گئے ہیں۔ ان کا معاہدہ یکم ستمبر سے شروع ہونے والا ہے۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے شاہ نے کرک بز کو یہ اطلاع دی ہے۔ مورنے مورکل شروع سے ہی ہندوستان کے بولنگ کوچ بننے کی دوڑ میں سب سے آگے تھے۔ مورکل نے آئی پی ایل میں ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے ساتھ کوچنگ اسٹاف میں کام کیا ہے۔ دونوں کا تعلق لکھنؤ سپر جائنٹس سے تھا۔