کانگریس قائدین کا دورہ پرانا شہر، عوامی مسائل کی سماعت
حیدرآباد ۔20۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن دونوں شہروں میں شدید بارش کی صورتحال سے نمٹنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ گزشتہ دو دن سے جاری موسلادھار بارش نے جی ایچ ایم سی کی ناکامیوں کو بے نقاب کردیا ہے ۔ شہرکے کئی علاقے پانی میں گھرچکے ہیں اور نشیبی علاقوں کے مکانات میں پانی داخل ہوگیا۔ جی ایچ ایم سی نے مانسون کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوئی احتیاطی قدم نہیں اٹھائے حالانکہ محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی۔ صدر ضلع کانگریس کمیٹی حیدرآباد سمیر ولی اللہ نے آج پرانے شہر کے کئی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوامی مشکلات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے چارمینار اسمبلی حلقہ کے انچارج مجیب اللہ شریف اور اسلم شریف کے ہمراہ چارمینار کے کئی علاقوں میں بارش کے سبب عوام کو مشکلات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ جگہ جگہ کچرے کی عدم نکاسی کے سبب گندگی پھیل رہی ہے ۔ مسلسل بارش کے نتیجہ میں کئی علاقے پانی میں گھر چکے ہیں اور گاڑیوں کو گزرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے ۔ کانگریس قائدین نے عوام سے بات چیت کی اور ان کے مسائل پر بلدی حکام کی توجہ مبذول کرائی ۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ پرانے شہر میں مجلس کے کارپوریٹرس بارش میں عوام کو مشکلات سے بچانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ کسی بھی علاقہ میں ارکان اسمبلی اور کارپوریٹرس دکھائی نہیں دیئے ۔ عوام نے شکایت کی کہ بارہا ٹیلیفون کرنے کے باوجود عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کی جانب سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ۔ پرانے شہر میں بارش کے ساتھ ہی سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے ۔ جگہ جگہ گڑھے بن چکے ہیں جس سے ٹو وہیلرس کو حادثات کا سامنا ہے۔ ہر سال بارش کے نتیجہ میں عوام کو دشواریوں کا سامنا ہے لیکن میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھائے جاتے ۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کی صورتحال عوامی نمائندوں اور بلدی عہدیداروں کی لاپرواہی کا ثبوت ہے۔ر
