موسلادھار بارش کے پیش نظر حکومت کے احتیاطی اقدامات

   

اضلاع کیلئے 33 کروڑ روپے جاری کئے۔ ہر ضلع کیلئے ایک کروڑ روپئے کی اجرائی
حیدرآباد۔ 26 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گزشتہ 4 دن سے ہونے والی موسلادھار بارش پر حکومت نے چوکسی اختیار کرلی ہے۔ اضلاع کلکٹرس اور اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بارش میں عوام کو ہونے والے نقصانات پر فوری توجہ دیں، جن علاقوں میں عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ضرورت ہے ان احتیاطی اقدامات کریں۔ عوام کی جان و مال کو نقصان ہونے سے بچانے کا مشورہ دیا ہے۔ احتیاطی اقدامات کے طور پر ہر ضلع کو ایک کروڑ روپے کے حساب سے 33 اضلاع کے لئے 33 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں اور ساتھ ہی عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھی چوکنا رہیں۔ ضرورت پڑنے پر ہی گھر سے باہر نکلیں ورنہ گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں۔ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کے تحت یہ فنڈس جاری کئے گئے ہیں۔ گزشتہ 3 ، 4 دن سے ریاست بھر میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دن کے لئے مزید بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے جس کے پیش نظر اضلاع کلکٹرس کو بارش پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ آبپاشی پراجکٹس میں پانی تیزی سے جمع ہو رہا ہے اس پر بھی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ آبپاشی پراجکٹس کے پانی کی اجرائی سے قبل عوام کو پیشگی اطلاع دیں۔ محکمہ موسمیات نے اضلاع جگتیال، جئے شنکر بھوپال پلی، کریم نگر، ملگ، نرمل، نظام آباد، پداپلی، راجنا سرسلہ، ورنگل، ہنمکنڈہ میں تیز بارش ہونے اور فی گھنٹہ 40 کیلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ 2