واشنگٹن : امریکی عہدیدار نے کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن دبئی میں ہونے والی اقوام متحدہ کی موسمیاتی سربراہی کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے جس میں وہ گزشتہ 2 برس سے امریکی قیادت کی نمائندگی کے لیے شرکت کرتے آئے ہیں۔ میڈیا کے مطابق جمعرات کو شروع ہونے والی کوپ 28 کانفرنس میں کئی ممالک کے رہنماؤں اور پوپ فرانسس سمیت تقریباً 70 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے جو کہ اقوام متحدہ کا اب تک کا سب سے بڑا موسمیاتی سربراہی اجلاس ہو سکتا ہے۔جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کیلئے وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق رواں ہفتے ان دونوں میں سے کوئی بھی دبئی نہیں جا رہا۔ جو بائیڈن رواں ہفتے یا 12 دسمبر کو کانفرنس کے اختتام کے دوران کوپ 28 میں شرکت کا ارادہ نہیں رکھتے۔عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ بائیڈن انتظامیہ تاحال اس بات پر غور کر رہی ہے کہ کسی اعلیٰ سطح کے عہدیدار کو کانفرنس میں شرکت کیلئے دبئی بھیجا جائے یا نہیں۔وزیر اعظم ہند نریندر مودی اس اجلاس میں شرکت کیلئے30نومبر اور یکم دسمبر کو دبھی کا دورہ کریں گے۔