دیہی و شہری علاقوں میں طبی کیمپ منعقد کرنے عہدیداروں کو کلکٹر کی ہدایت
جگتیال ۔ 12 ۔ ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دفتر ضلع کلکٹر میں بروز جمعرات ضلع کلکٹر ڈاکٹر اے شرت نے موسمی امراض سے متعلق محکمہ بلدیہ کے کمشنران کے ساتھ اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا۔اس موقع پر انھوں نے عہدیداروں سے تاکید کی کہ وہ ضلعی سطح پر پسماندہ ذاتوں پر مشتمل آبادی والے علاقوں ، قبائلی علاقوں ، شہری و دیہی علاقوں میں موسمی امراض پر قابو پانے کے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ابتدائی طبی اداروں میں بلاکسی رکاوٹ کے شہری ودیہی علاقوں میں صبح 8 تا 10 بجے تک طبی کیمپوں کا انعقاد عمل میں لایا جائے۔ مابعد اپنے فرائض کی ادئیگی کیلئے متعلقہ ابتدائی طبی مراکز سے وابستہ ہوجائیں۔کیمپوں کے انعقاد کے مقامات میں محکمہ بلدیہ کے ذمہ داران صاف صفائی کے انتظامات کریں۔ پانی کو سڑکوں پر جمع ہونے نہ دیں۔پلاسٹک کو استعمال نہ کرنے دیا جائے۔نالیوں کی صفائی کی جائے اور بلیچنگ پاؤڈر کو چھڑکا جائے۔ ہیلت کیمپ کے انعقاد کے وقت مقامی رضاکارانہ تنظیموں کی شرکت کو بھی یقینی بنانے کی بلدیہ کے کمشنروں کو تاکید کی گئی۔ اسی طرح نچلے ڈھلوان والے مقامات میں شعور بیداری کے پروگراموں کاانعقاد عمل میں لاکر عوام کو ڈینگو بخار کے احتیاطی تدابیر سے واقفیت دلوائی جائے۔مکانوں میں ناریل ،پہیوں اور کولروں میں پانی کے ذخیرہ کی بناء پر مچھروں کے پیداہونے کا اندیشہ ہے چنانچہ محکمہ بلدیہ اور محکمہ طب کے عہدیداراں مکانوں کا دورہ کرتے ہوئے معائنہ کریں۔ اس موقع پر محکمہ طب کے ضلعی عہدیدار سریدھر ، نائب طبی عہدیدار جئے پال ریڈی ،اور محکمہ بلدیہ کے کمشنران و دیگر موجود تھے۔
