موسمی امراض پر قابو پانے منصوبہ بندی کی جائے

   

عہدیداروں کو کلکٹر کی ہدایت ، جگتیال میں جائزہ ا جلاس کا انعقاد

جگتیال : جگتیال ضلع کلکٹر جی روی نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ضلع جگتیال میں موسمی امراض پر قابو پانے کیلئے موثر طریقے سے منصوبہ بندی کی جائے۔ انھوں نے عہدیداروں کے ساتھ سرکاری پروگراموں جیسے موسمی بیماریوں پر قابو پانے، ہمارا گاؤں، ہمارا مدرسہ، دلت بندھو اسکیم، مربوط ویج نان ویج مارکیٹ کی تعمیر وغیرہ پر جائزہ اجلاس کا انعقاد عمل میں لاکر موسمی بیماریوں کی روک تھام کے لئے دیہاتوں ،شہر وں میں کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر عہدیداروں نے بتایا کہ یہ مسائل ان علاقوں میں جہاں زیادہ پانی جمع ہو ،جہاں پانی کی نکاسی کے انتظامات نہیں ہیں ،میں درپیش ہورہے ہیں۔ ضلع میں اب تک ڈینگو کے پانچ کیس درج ہوئے ہیں۔ ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ ان علاقوں میںانجذابی گڑھوں کی تعمیر کے لئے تجاویز تیار کریں جہاں پانی ذخیرہ ہوتا ہے آئیل بال اور مچھروں پر قابو پانے کے اقدامات کیے جائیں۔ضلع کلکٹر نے کہا کہ مچھروں پر قابو پا کر موسمی امراض کے پھیلاؤ کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے ہدایت دی کہ بلدیات میں مچھروں کے کنٹرول کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر بی ایس لتا، انچارج ایڈیشنل کلکٹر برائے مجالس مقامی ونودکمار ، آر ڈی او جگتیال مادھوری ،ضلعی عہدیدار اور دیگر نے اس ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔