موسمی امراض کے تدارک کیلئے احتیاطی اقدامات کی ہدایت

   

شجرکاری کیلئے اراضیات کی نشاندہی ، عہدیداروں کے اجلاس سے کلکٹر کا خطاب
کریم نگر۔/31 مئی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کے سرکاری ایریگیشن اور ایس آر ایس پی کنال کے نزد اراضیات کی نشاندہی کرنے اور ان اراضیات کی تندہی کے ساتھ سروے کرنے کی ضلع کلکٹر کریم نگر ششانکا کی ہدایت۔ بروز جمعرات کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ریوینیو ، مونسپل ، محکمہ جنگلات ، دیہی ترقی ، پنچایت راج کے عہدیداران کے ہمراہ جائزے اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹرنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری اراضیات غیر قانونی قبضہ داروں کے قبضہ سے قبل ریوینیو ، آبپاشی ، ایس آر ایس پی عہدیداران باہمی تعاون سے اراضیات کے سروے کو مکمل کرتے ہوئے سرحدوں کی مارکنگ عمل میں لائیں۔ سرکاری اراضیات پر غیر قانونی قبضوں کی کھاتہ واری نشاندہی کی جائے۔ ہریتا ہارم کے تحت شجرکاری کیلئے تمام منڈلوں کے احاطہ میں اراضیات کی نشاندہی کی جائے منڈل سطح پر ایم پی ڈی او ، عوامی نمائندے ، شجرکاری کیلئے باہمی اشتراک سے لائحہ عمل تیار کریں۔ پودوں کو لگوانے کے بعد ان کی نگہداشت کیلئے ایم پی ڈی او ، پنچایت سکریٹری متحرک رہیں۔ دیہاتوں میں سڑکوں کے دونوں جانب ، سرکاری مدارس ، گیسٹ ہاؤز ، کالجوں میں متعدد پودے لگوانے اور ان کی نگہداشت کی ذمہ داری ایم پی ڈی او ، ایم پی او کی ہوگی۔ گرام پنچایتی کیلئے تفویض کردہ واٹر ٹینک کے ذریعہ پودوں کو پانی فراہم کیا جائے اسکے لئے عوامی نمائندے ، سرپنچ ، ایم پی ٹی سی ، زیڈ پی ٹی سی ، وارڈکونسلر کے باہمی اشتراک کے علاوہ عوام کے تعاون سے ہریتاہارم کے تحت طئے کردہ اہداف کی تکمیل کریں۔ضلع کلکٹر نے کمیونیٹی علاقوں میں شجرکاری کرنے ، ہر مواضع اورمنڈل کی عوام سے 3 کلومیٹر تک پودے لگوانے اور انکی نگہداشت کرنے کی خواہش کی۔کھلے مقامات کی نشاندہی کرنے ، ایس آر ایس پی کنال کے علاقہ میں 3 تا 4 کلو میٹر کی دوری تک اراضیات کی نشاندہی کرنے اور فوڈ کورٹ کے انعقاد کی ہدایت دی۔ اربن مقامات یعنی چار میونسپلٹی کے احاطہ میں طئے کردہ اہداف کی تکمیل کیلئے متعدد پودوں کو لگوانے سرکاری اراضیات کی نشاندہی کی ہدایت دی۔ ہر ڈیویڑن ، وارڈ میں تعمیر کئے گئے سڑکوں کے اہم شاہراہ کے دونوں جانب پودے لگوائیں جائیں۔ ہر گھر میں کم از کم 6 پودے لگوانے کیلئے مونسپل عہدیدار اقدامات کریں۔انہوں نے شہر کے علاقوں میں لگوائے گئے پودوں کی نگہداشت کیلئے مونسپلٹی عہدیداران کو اقدامات کی ہدایت دی۔ ضلع کلکٹر نے موسمی امراض سے بچاؤ کیلئے احتیاطی اقدامات کے تحت خصوصی لائحہ عمل تیار کرنے کی محکمہ صحت و طبابت اور پنچایتی عہدیداران کو ہدایت دی۔ موسم برسات میں دیہاتوں میں واٹر ٹینک کی بلیچنگ پاؤڈر سے صفائی کرنے ، بورویل کی موٹر کے مرمتی کاموں کو مکمل کرنے ، مکانات کے اطراف و اکناف ماحول کی صفائی کو یقینی بنانے، مچھروں کے انسداد کیلئے موریوں میں ٹہرے پانی پر اسپرے کرنے کی صلاح دی۔ دیہاتوں میں سڑک کے کنارے جنگلی گھاس ، گڈڑھی کی صفائی کیلئے جے سی بی کو ہدایت دی۔ خاص کر دیہاتوں میں پنچایت سکریٹری ، آشا ورکر ، اے این ایم موسمی امراض کے متعلقہ عوام کو آگاہ کریں اور مچھروں کے انسداد ، موسمی امراض کے تدارک کیلئے احتیاطی اقدامات پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔