موسمی بیماریوں سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیرضروری

   

بہتر انتظامات کرنے عہدیداروں کو ہدایت ، نارائن پیٹ میں جائزہ اجلاس ، کلکٹر کا خطاب

نارائن پیٹ /2 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر نارائن پیٹ مسٹر کویا سری ہرشا ، آئی ایس ایس نے میڈیکل عملے کو موسمی بیماریوں سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ۔ ضلع کلکٹریٹ میں محکمہ صحت کے ضلعی عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا ۔ جس میں ضلع کلکٹر نے موسم باراں میں ضلع میں موسمی بیماریوں و متعدی امراض کے پھیلنے سے روکنے اور اس کیلئے ضروری انتظامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام ہاسپٹلس میں بستروں کی صفائی کو یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں ۔ ہاسپٹلوں میں بیماریوں کے تدارک کے لئے ضروری ادویات کی ہمیشہ دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے فوری اور بروقت انتظامات کرنے چاہئے ۔ طلباء کو اسکولوں اور ہاسٹلوں میں طبی معائنہ کیلئے عملے کو تعینات کرنا چاہئے تاکہ طلباء کی صحت کی صورتحال کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جائے ۔ سرکاری دواخانوں میں آوٹ پیشنٹس کی اچھی طرح جانچ اور تشخیص کرنی چاہئے تاکہ ملیریا اور ڈینگو کے مریضوں کی شناخت ہوسکے اور انہیں علاج و معالجہ کیلئے علحدہ وارڈز قائم کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ موسمی بیماریوں کے اچانک زور پکڑنے کے امکانات رہتے ہیں ۔ اس کے تدارک کیلئے پیشگی اقدامات بے حد ضروری ہے ۔ اس اجلاس میں ضلع میڈیکل آفیسر ڈاکٹر رام موہن راؤ ضلع ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رنجیت کمار ، ڈاکٹر سوبھاگیہ لکشمی ، ڈاکٹر شیلیجا ، ڈاکٹر بھکشاپتی ، پروگرام آفیسر و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔