دواخانوں میں ادویات کا اسٹاک رکھنے اور متعلقہ حکام کو اسپتالس کا معائنہ کرنے کا حکم
حیدرآباد 24 جولائی (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے ریاست میں موسلادھار بارش اور موسمی تبدیلی پر چوکسی اختیار کرنے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ متعدد بیماریوں کو پھیلنے سے روکنے خصوصی اقدامات کا حکم دیا۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے آج محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کی اور بارش پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ عہدیداروں کو اضلاع کا دورہ کرکے مختلف سرکاری اسپتال کا معائنہ کرنے ادویات اور دیگر ضروریات کی تکمیل کرنے پر زور دیا۔ مختلف علاقوں میں محکمہ پنچایت راج اور محکمہ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں سے تال میل کرکے صاف صفائی کے اقدامات کرنے پر زور دیا۔ مختلف علاقوں میں اینٹی لاروا آپریشن، فاگنگ ، انڈور اسپرے کی ہدایت دی۔ وزیر صحت نے کہا کہ موسمی بیماریوں سے سرکاری اسپتالس میں او پی اور آئی پی بڑھنے کے امکانات ہیں جس کے پیش نظر اسپتالس کے او پی کاؤنٹرس میں اضافہ کرنے کا حکم دیا۔ ضرورت پر او پی کے اوقات میں اضافہ کرنے کا حکم دیا۔ میڈیسنس ، ڈیاگنوسٹک اکوپمنٹس، آؤٹ پیشنٹس کو تمام ٹسٹ اسپتال میں ہی کرنے کی ہدایت دی اور تلنگانہ ڈیاگنوسٹک سنٹرس پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ اسی دن مریضوں کو رپورٹس دینے کے انتظامات کا مشورہ دیا۔ سرکاری اسپتالس میں صاف صفائی ، کھانے پینے کے خصوصی اقدامات پر زور دیا۔ دامودر راج نرسمہا نے فوڈ انسپکٹرس کو اسپتالس کا معائنہ کرنے مریضوں کو فراہم کی جانے والی غذا کے معیار کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی ساتھ خانگی اسپتالس پر بھی نظر رکھنے زور دیا۔ خانگی اسپتالس کی جانب سے ڈینگو ، پلیٹ لیٹس گرجانے جیسے بہانے کرکے مریضوں کو لوٹنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی۔ ایمبولنس کو 24 گھنٹے دستیاب رکھنے کی ہدایت دی ۔ وزیر صحت نے موسلادھار بارش کے پیش نظر عوام کو اپنی صحت کا خاص خیال رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کھانسی ، بخار یا کوئی موسمی بیماریوں کے آثار نظر آتے ہیں تو وہ فوری اسپتال سے رجوع ہوں۔ زیادہ سے زیادہ گھروں میں پکا ہوا کھانے کو ترجیح دیں۔ ہوٹلس کے کھانے سے احتراز کریں۔2