صفائی انتظامات پر خصوصی توجہ دینے پر زور، پداپلی میں جائزہ اجلاس، ایڈیشنل کلکٹر کا خطاب
پداپلی۔ موسمی بیماریوں پر قابو پانے کے لئے موثر اقدامات کرنے کی مجالس مقامی ایڈیشنل کلکٹر کمار دیپک نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ موسمی بیماریوں کی روک تھام پر مجالس مقامی ایڈیشنل کلکٹر نے متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ موسم برسات کے پیش نظر کثیر تعداد میں مچھروں کی افزائش کے باعث موسمی بیماریوں کے پھیلنے کے قوی امکانات ہیں۔ ضلع کے ہر موضع ، ہر بلدیہ میں فرائی ڈے ۔ ڈرائی ڈے پروگرام کے باقاعدگی سے نفاذکی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ سال 2021 میں ضلع میں کثیر تعداد میں ڈینگو کے 334 کیسس ، 2 ملیریا کیسس درج کئے گئے ہیں۔ جاریہ سال فی الحال 31 ڈینگو، 3 ملیریا کے کیسس درج ہوئے ہیں۔ضلع بھر میں صفائی و ستھرائی پر خصوصی توجہ دینے، عوام کے اشتراک سے موسمی بیماریوں کی روک تھام کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی عہدیداروں کو انھوں نے ہدایت دی۔ ایڈیشنل کلکٹر نے واضح کیا کہ گزشتہ سال بیگم پیٹ ، گدّالاپلّی ، مْتارم کے ابتدائی صحت کے مراکز کے احاطہ میں زائد تعداد میں ڈینگیو کیسس درج ہوئے ہیں۔ ان علاقوں میں نظام صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ دیہی علاقوں میں نوجوانوں اور مختلف تنظیموں کے اشتراک سے صفائی کے اقدامات کئے جائیں۔ مواضعات اور بلدیات میں کنالوں کو فوری صاف کیا جائے۔ موسمی بیماریوں پر قابو پانے کے لئے محکمہ تعلیم کی جانب سے منصوبہ بند اقدامات کرنے، پنچایت راج اور میونسپل محکمہ کے عہدیداروں کے ہمراہ آپسی ہم آہنگی سے کام کرنے کی انھوں نے ہدایت دی۔ ضلعی عہدیدار برائے محکمہ طب و صحت ڈاکٹر پرمود کمار، ڈی سی ایچ ایس ڈاکٹر واسو دیوا ریڈی، ضلع پنچایت آفیسر چندرا مولی، ضلع مہتمم تعلیمات مادھوی، ضلع ویلفیر آفیسر رؤف خان، ضلعی عہدیدار برائے محکمہ دیہی ترقی شریدھر، پداپلی میونسپل کمشنر تروپتی و دیگر نے اس جائزہ اجلاس میں شرکت کی۔