میدک ہیڈ کوارٹر پر میڈیکل کالج کی تجویز، سرکاری دواخانوں میں بہتر سہولتوں کے اقدامات
حیدرآباد۔/4 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر صحت و خاندانی بہبود دامودھر راج نرسمہا نے آج میدک ضلع کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ دامودھر راج نرسمہا نے بارش سے متاثرہ خاندانوں کی مدد اور خاص طور پر کسانوں کو امداد کی فراہمی کیلئے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی۔ انہوں نے میدک ضلع کی جامع ترقی پر کلکٹریٹ میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ وزیر صحت نے کہا کہ حکومت دیہی سطح پر ریوینو سدسو منعقد کرتے ہوئے عوامی مسائل کی یکسوئی کے اقدامات کررہی ہے۔ میدک ضلع کو ہمہ جہتی ترقی کیلئے ایک ماڈل ضلع میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا آغاز ہوچکا ہے۔ کسانوں کی قرض معافی اسکیم پر تین مراحل میں عمل آوری کی گئی اور زرعی شعبہ کو معیاری برقی مفت سربراہ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں اوردواخانوں کی حالت بہتر بنانے پر حکومت نے توجہ مرکوز کی ہے۔ وزیر صحت نے عہدیداروں سے کہا کہ اماں آدرش اسکولوں کے قیام کیلئے جلد منصوبہ بندی تیار کریں۔ میدک گورنمنٹ ہاسپٹل میں آئندہ ایک ماہ میں سی ٹی اسکیان سنٹر قائم کیا جائے گا اور بستروں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حادثات میں زخمی افراد کی فوری طبی امداد کیلئے ٹروما سنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے ضلع ہیڈ کوارٹر پر ڈائیلاسیس سنٹر کے قیام کا تیقن دیا۔ دامودھر راج نرسمہا نے حکام سے کہا کہ وہ موسمی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے پر خصوصی توجہ دیں اور بیماریوں کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میدک میں میڈیکل کالج کے قیام کا معاملہ حکومت کے زیر غور ہے۔ وزیر صحت نے واضح کیا کہ خانگی ہاسپٹلس کو حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے غریبوں کے علاج پر توجہ دینی چاہیئے۔ اجلاس میں رکن کونسل سبھاش ریڈی، ارکان اسمبلی ایم روہت راؤ، کے پربھاکر ریڈی، سنیتا لکشما ریڈی، ضلع کلکٹرراہول راج اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔1