ریاست میں گرمی برقرار ، 21 جولائی کے بعد موسمی بارش کی توقع
حیدرآباد۔20۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ میں مانسون کے سرگرم نہ ہونے اور گرمی کی شدت میں کسی بھی طرح کی کمی ریکارڈ نہ کئے جانے کے نتیجہ میں لو لگنے کے واقعات اور گرمی سے ہونے والی بیماریوں میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی پیش قیاسی کے مطابق ریاست تلنگانہ میں 24 جون کے بعد سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے لیکن اس کے باوجود ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ 24 جون سے شروع ہونے والی بارشیں تلنگانہ کے بعض اضلاع بالخصوص مشرقی و جنوبی اضلاع میں ریکارڈ کی جائیں گی۔ مانسون میں ہونے والی تاخیر کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ النینو کے سرگرم ہونے کے سبب دنیا کے بیشتر ممالک بشمول ہندستان میں موسم کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور آئندہ سال بھی یہی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے۔ محکمہ موسمیات کے ذمہ داروں نے امریکی سائنسدانوں کی جانب سے النینو کے سرگرم ہونے کے متعلق اطلاعات کی توثیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان حالات میں موسمی پیش قیاسی دشوار ہونے لگی ہے۔ ریاست تلنگانہ میں مانسون کی آمد میں ہونے والی تاخیر کے سلسلہ میں ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ گرمی کی شدت اور بحیرۂ عرب میں آئے طوفان کے اثرات کے طور پر اب تک اسے دیکھا جا رہا تھا لیکن اب موسم معمول پر آنے کے باوجود بھی مانسون کی آمد میں ہونے والی تاخیر کے متعلق کہا جار ہاہے کہ النینو کے اثرات کے علاوہ موسمی تبدیلیوں کے سبب یہ صورتحال پائی جانے لگی ہے۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کا کہناہے کہ ریاست میں 24 جون سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے لیکن ریاست کے تمام اضلاع میں موسمی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کیلئے ابھی ایک ماہ درکار ہوسکتا ہے کیونکہ دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں اب بھی گرمی کی شدت میں کوئی کمی ریکارڈ نہیں کی جا رہی ہے حالانکہ رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں معمولی گراوٹ کے سبب کچھ راحت حاصل ہورہی ہے ۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق تلنگانہ میں 21 جولائی کے بعد ہی موسمی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جبکہ اس سے قبل مانسون کے سرگرم ہونے کے کوئی امکانات ظاہر نہیں کئے جا رہے ہیں لیکن اگر بعض اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے اور اس کے مطابق بارشیں شروع ہوجاتی ہیں تو درجہ حرارت میں بتدریج گراوٹ ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔دونوں شہروں میں گرم ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے اور تلنگانہ کے کئی اضلاع میں بھی گرم ہوائیں چل رہی ہیں جس کے سبب موسم گرما کے جاری رہنے کا احساس ہورہا ہے۔م