تلنگانہ و آندھرا پردیش میں یکساں صورتحال ۔ صورتحال پرنظر رکھنے حکام کو حکومت کی ہدایت
حیدرآباد9 ستمبر (سیاست نیوز) دونوں تلگو ریاستو ںمیں موسم کے نتیجہ میں تیزی سے وبائی امراض پھیلنے لگے ہیں اور تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں ڈینگو ‘ ملیریا اور چکون گنیا وغیرہ کے شکار مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہونے لگا ہے۔ محکمہ صحت اور محکمہ بلدی نظم و نسق کی ہدایت کے بعد ریاست کی بیشتربلدیات میں عوامی شعور بیداری مہم اور مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جا رہا ہے اس کے باوجود موسمی تبدیلی اور مسلسل ہلکی اور تیز بارش کے نتیجہ میں کمزور قوت مدافعت والے سردی ‘ زکام‘ نزلہ ‘ کھانسی اور دیگر امراض کا شکار ہونے لگے ہیں اور سرکاری دواخانوں کے علاوہ خانگی دواخانوں میں بھی مریضوں کی بہتات پائی جانے لگی ہے ۔ ماہر اطباء کا کہناہے کہ وبائی امراض کا شکار مریضوں کے تیمار داروں اور ساتھ دواخانوں کو پہنچنے والے ایسے افراد جن کی قوت مدافعت کمزور ہے وہ بھی ان کا شکار ہونے لگے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر میں بھی ڈینگو اور ملیریا کے علاوہ دیگر وبائی امراض بالخصوص مچھروں کے ذریعہ پھیلنے والے امراض کا شکار ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدارو ںکے مطابق دونوں شہروں کے علاوہ بلدی حدود میں مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ اور شہریوں میں شعور بیداری مہم چلاتے ہوئے ان امراض پر قابو پانے کی کوشش کی جار ہی ہے لیکن مچھروں کی کثرت اور موسم میں خنکی کے سبب بچوں اور ضعیف العمر شہریوں کی قوت مدافعت کمزور ہونے لگی ہے جس سے وہ موسمی و بائی امراض کا شکار ہورہے ہیں۔ شہر کے سرکاری دواخانوں اور مراکز صحت سے رجوع ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شہر میں ڈینگو‘ ملیریاکے علاوہ چکون گنیا کے مریضوں کی نشاندہی کرکے ان کے اعداد و شمار رکھیں تاکہ مریضوں کی حقیقی تعداد پر گہری نظر رکھی جاسکے ۔ بتایاجاتا ہے کہ آندھراپردیش میں بھی مسلسل بارشوں سے موسمی امراض و وبائی امراض کے متاثرین کی تعدا دمیں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔ 3