کانگریس اور بی جے پی کی طرف سے حکومت کو تنقیدوں کا نشانہ بنانے کا امکان، ٹی آر ایس جواب کیلئے تیار
حیدرآباد ۔ 8 ۔ ستمبر (پی ٹی آئی) تلنگانہ اسمبلی کے پیر سے شروع ہونے والے بجٹ سیشن میں زرعی قرضوں کی معافی، کسانوں کے لئے یوریا کی قلت، ڈینگو اور دیگر موسمی وباؤں کے پھیلنے کے واقعات اور دیگر مسائل پر خصوصیت کے ساتھ طوفانی مباحث متوقع ہے۔ اس سیشن کے دوران حکومت اپنا باقاعدہ بجٹ پیش کریں گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے فروری میں جب ان کے پاس فینانس کا قلمدان تھا، بجٹ پیش کیا تھا۔ اپوزیشن کانگریس نے کہا ہے کہ وہ صحت عامہ ، ڈینگو اور دیگر موسمی وباؤں کے پھیلنے کے واقعات ، قرضوں کی معافی کا وعدہ ، یوریا کی قلت اور دیگر مسائل اٹھائے گی۔ رواں موسم بارش کے دوران موسمی وباؤں کے پھیلنے کے واقعات میں ہولناک اضافہ پر کانگریس اور بی جے پی پہلے ہی ان وباؤں پر کنٹرول کرنے میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے حکومت کو اپنی تنقید کا نشانہ بناچکی ہے۔ ریاست میں یوریا کی قلت پر کسانوں کی جانب سے مختلف دیہاتوں میں کئے گئے احتجاج پر بھی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سوال اٹھائے جانے کی توقع ہے ۔ تاہم موسمی وباؤں پر کنٹرول ، یوریا کی قلت سے نمٹنے کے علاوہ دیگر مسائل پر کئے جانے والے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے حکومت اپوزیشن کی تنقیدوں کا جواب دے گی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کابینہ میں توسیع کے بعد اپنی رہائش گاہ پر کے ٹی راما راؤ اور ہریش راؤ سے ملاقات کے دوران مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔