موسمی چٹرجی نے 70 اور 80 کے دہے میں دھوم مچائی

   

ممبئی: بالی ووڈ میں موسمی چٹرجی کوایک ایسی اداکارہ کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے 70 اور 80 کی دہائی میں اپنی رومانوی اداؤں سے ناظرین کو اپنا دیوانہ بنایا۔ 26 اپریل 1953 کو کولکتہ میں پیدا ہوئیں موسمی چٹرجی نے اپنی فلمی زندگی کا آغاز سال 1967 کی بنگلہ فلم بالیکا ودھو سے کیا تھا۔ موسمی نے بالی ووڈ میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز سال 1972 کی فلم انوراگ سے کیا۔ اس فلم میں موسمی چٹرجی کے ہیرو ونود مہرا تھے ۔ شکتی سامنت کی ہدایت میں بنی انوراگ میں موسمی چٹرجی نے نابینا لڑکی کا کردار ادا کیا تھا۔ کیریئر کے آغاز میں اس طرح کا کردار ادا کرنا کسی بھی نئی اداکارہ کے لئے چیلنج سے بھرپور ہو سکتا تھا لیکن موسمی نے اپنی سنجیدہ اداکاری سے ناظرین کو بے حد مسحور کیا۔ اس فلم کے لیے انہیں بہترین اداکارہ کے لئے فلم فیئر ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا تھا۔ سال 1974 میں موسمی چٹرجی نے روٹی کپڑا اور مکان اور بے نام جیسی سوپر ہٹ فلموں میں اداکاری کی۔