موسم برسات میں بھی پیاز کی قیمت میں اضافہ نہیں

   

Ferty9 Clinic

پڑوسی ریاستوں اور اضلاع میں وافر پیداوار سے قیمتیں مستحکم
حیدرآباد۔16 جون(سیاست نیوز) موسم باراں کے دوران پیاز کی قیمتوں میں کوئی اضافہ ریکار ڈ نہیں کیا جائے گا اور آئندہ 3ماہ کے دوران پیاز کی قیمت 10تا15روپئے فی کیلو رہے گی۔شہر میں پڑوسی ریاستوں کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع سے آنے والی پیاز اور پیاز کی خاطر خواہ پیداوار کے سبب موسم باراں کے دوران پیاز کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ اس مرتبہ ریکارڈ نہیں کیا جائے گا۔سال گذشتہ شہر حیدرآباد میں موسم باراں کے دوران پیاز کی قیمت 30تا35 روپئے ریکارڈ کی گئی تھی لیکن اس سال پیاز کی قیمتوں پر مکمل قابو رہے گا۔محکمہ زراعت کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست میں خاطر خواہ پیداوار کے علاوہ پڑوسی ریاستوں سے شہر لائی جانے والی پیاز میں اضافہ کے سبب قیمتوں پر کنٹرول رہے گا۔محکمہ زراعت کے مطابق شہر میں پیاز کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ بلا وجہ قیمت میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جاسکے۔کسانوں اور پیاز کے ہول سیل تاجرین کا کہناہے کہ جاریہ سال پیاز کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہونے کی کئی ایک وجوہات ہیں جن میں بڑی تقاریب کے انعقاد کی اجازت نہ ہونے کے علاوہ ریاست بھر میں ہوٹلوں اور ریستوراں میں پیاز کے استعمال میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ بھی ہے۔لاک ڈاؤن کے شرائط کے مطابق ریاست تلنگانہ میں رات 9 بجے سے کرفیو کے سبب رات کے اوقات میں ہوٹلوں کو بند کردیئے جانے اور شہر میں شادی بیاہ کی تقاریب کو مختصر کردیئے جانے کے باعث پیاز کی طلب میں کمی واقع ہوئی ہے اور پیداوار میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ نے قیمتوں کوقابو میں رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں پیاز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کئے جانے کے باوجود اگر کوئی ذخیرہ اندوزی کے ذریعہ پیاز کی قیمتوں میں اضافہ کی کوشش کرتا ہے تو اس کے خلاف کاروائی کے محکمہ کو مکمل اختیارات دیئے جاچکے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کو جو پیاز کی طلب ہے وہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں ہونے والی پیداوار سے ہی مکمل ہوجائے گی ۔محکمہ زراعت کے مطابق شہر میں پیاز کی قیمت کو قابو میں رکھنے کے علاوہ پڑوسی ریاستوں سے آنے والی پیاز کی قیمتوں کا بھی جائزہ لینے کے علاوہ درآمدات کا بھی مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے۔