موسم برسات کے مسائل کیلئے عوام کو نئے ٹیلی فون نمبرات کی اجرائی

   

حیدرآباد۔ جی ایچ ایم سی نے برسات کے دوران پانی کی نکاسی اور دیگر مسائل کے سلسلہ میں عوام کیلئے خصوصی فون نمبر جاری کیا ہے۔ عوام فون نمبر 9848021665 پر شکایات اور مشکلات واٹس ایپ کرسکتے ہیں ۔ تصاویر اور پانی جمع ہونے کے مقامات کی تفصیلات روانہ کی جاسکتی ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ عوام وزیر انیمل ہسبینڈری سرینواس یادو کو راست اپنی شکایات فون نمبر 9848098166 پر درج کراسکتے ہیں۔ حکومت نے نالوں کی تعمیر و مرمت اور توسیع کیلئے 45 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں اور یہ کام جنگی خطوط پر جاری ہے۔ 19 جون تک نالوں کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل کرلیا جائے گا اور عوامی نمائندوں کو ان کی نگرانی کا مشورہ دیا گیا۔ سرینواس یادو کل 14 جون کو بیگم پیٹ میں اسٹارم واٹر ڈرین کے کاموں کا معائنہ کریں گے۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ حیدرآباد میں نالوں کے کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ شہر میں موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی پر جی ایچ ایم سی اور دیگر محکمہ جات نے چوکسی اختیار کرلی ہے۔