موسم سرما میں بداحتیاطی خطرے کو دعوت دینے کے مترادف

   

حیدرآباد /12 نومبر ( سیاست نیوز ) موسم سرما میں بداحتیاطی بڑے خطرے کو دعوت دینے کا سبب بن سکتی ہے ۔ جاریہ سرما کے سیزن میں شدت کی سردی کی پیش قیاسی اور حالیہ دنوں سردی میں ریکارڈ اضافہ خطرے کی گھنٹی ثابت ہو رہا ہے اور آنے والے خطرات صحت پر اثر انداز ہونے والی علامتوں بالخصوص امراض قلب کی شکایتوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ سردیوں کے سبب امراض قلب کے مریضوں کی تعداد میں 15 تا 20 فیصد اضافہ موجودہ حالات میں ریکارڈ کیا گیا ہے اور اس تعداد میں مزید اضافہ کا امکان بتایا جارہا ہے ۔ موسم سرما کی عام سردی سے زیادہ اس سیزن میں سردی دیکھائی دیرہی ہے اور سیزن کے آغاز پر ہی درجہ حرارت 13 ڈگری ریکارڈ کیا گیا اور اس میں بتدریج کمی کا امکان ہے محکمہ موسمیات نے اس کی پیش قیاسی کردی ہے ۔ ان حالات میں ماہرین طب نے بچوں اور ضعیف افراد کو بہت زیادہ احتیاط میں رکھنے کی مشورہ دیا ہے ۔ ان حالات میں امراض قلب کی شکایتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور لاپرواہی قلب پر حملہ جیسے خطرناک نتائج کا موجب بن سکتی ہے ۔ عام طور پر نومبر ، ڈسمبر اور جنوری میں 15 تا 20 فیصد شہری امراض قلب کی شکایتوں پر نمس ہاسپٹل سے رجوع ہوتے ہیں ۔ یہ ہر سال کا ایک ریکارڈ ہے ۔ تاہم جاریہ سیزن میں تاحال حیدرآباد ، نظام آباد ، کریم نگر اور عادل آباد اضلاع میں سردی بہت زیادہ ہے ۔ محکمہ موسمیات نے 13 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا ہے اور آئندہ دنوں میں مزید کمی کی پیش قیاسی کی ہے۔ ماہرین طب اور ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ سردی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ صحت کے مسائل میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔