سڈنی۔ یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیائی سابق کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر ایان چیپل نے کہا ہے کہ موسم کی تبدیلیاں کرکٹ کے کھیل کیلئے خطرہ بن رہی ہیں جس کے باعث پہلے سے کہیں زیادہ میچز بارش کی وجہ سے متاثر ہونے لگے ہیں۔ ورلڈ کپ میں بارش سے متاثر ہونے والے میچوں کی مثال دیتے ہوئے 76 سالہ ایان چیپل نے کہا کہ حالیہ ایشز سیریز طویل فارمیٹ کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوئی لیکن مستقبل میں اسے بھی سخت چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا لہٰذا کھیل کے منتظمین کو موسم کی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے فوری توجہ دینا چاہئے کیونکہ ایک جانب بھیگا موسم میچوں کو متاثر کر رہا ہے تو ساتھ ہی حد سے زیادہ گرمی نے کھلاڑیوں کی صحت کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے جو ہیٹ اسٹروک اور جلد کے سرطان میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔