دن میں گرمی اور رطوبت ،رات میںتھکاوٹ ، آئندہ دو دنوں تک موسم میں کوئی تبدیلی نہیں
حیدرآباد۔4۔ستمبر۔(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں موسم کی تبدیلی اور بہ تحاشہ گرمی کے سبب شہریوں کو مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور انہیں کئی وجوہات کے سبب دواخانہ سے رجوع ہونا پڑرہا ہے۔دن بھر شدید گرمی اور رطوبت کے سبب پسینے کے اخراج کے باعث شہریوں کو شام ہوتے ہوتے تھکاوٹ کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ بعض مریضوں کو چکر اور غشی کی شکایات کا سامنا ہے۔ماہر اطباء کے مطابق موسمی تبدیلی بالخصوص شہر میں تیز دھوپ اور رطوبت کے سبب شہریوں میں نقاہت پائی جانے لگی ہے اور اس سے محفوظ رہنے کے لئے ضروری ہے کہ شہری زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں اور خالی پیٹ رہنے سے اجتناب کریں کیونکہ خالی پیٹ اور جسم میں پانی کی کمی کے سبب اچانک غشی اور چکر محسوس ہونے لگتے ہیں۔اسی لئے وقت پر معیاری اور بہتر غذاء کے استعمال کے علاوہ جسمانی کمزوری کو دور کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ پانی کے استعمال کے ذریعہ خود کو صحت مند رکھیں۔موسم میں رونما ہونے والی تبدیلی اور پسینے کے اخراج سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے لئے موسم گرما میں جن احتیاطی امور کو اختیار کیا جاتا ہے ان پرعمل کے ذریعہ صحت مند رہا جاسکتا ہے۔ڈاکٹرس کے مطابق صحت بند مشروبات ‘ تازہ پھلوں کے مشروبات ‘ زیادہ سے زیادہ پانی ‘ وقت پر کھانے کے علاوہ تیز دھوپ سے بچاؤ کی صورت میں کسی بھی طرح کے عوارض کا شکار ہونے سے محفوظ رہ سکتے ہیں اسی لئے شہریوں کو ممکنہ حد تک دھوپ سے بچاؤ کے لئے کوشش کر نی چاہئے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو یوم کے دوران بھی دھوپ کی شدت میں کمی کے کوئی آثار نہیں ہیں اور اس دوران رطوبت میں اضافہ کے خدشات پائے جارہے ہیں ۔ماہرین موسمیات کے مطابق 48گھنٹوں بعد دونوں شہرو ںکے موسم میں نمایاں تبدیلی کے آثار ہیں اور بعض مقامات پر بارش بھی ہوسکتی ہے۔