نئی دہلی ۔22؍مئی (ایجنسیز )دہلی سے سری نگر جانے والے طیارے کو بڑا حاثہ ٹل گیا۔ 220 مسافروں کو لے جانے والا انڈیگو کا طیارہ خراب موسم کے باعث شدید جھٹکوں کا شکار ہوا اور ہچکولے کھانے لگاجس کے نتیجے میں پرواز کے دوران افرا تفری مچ گئی۔ پائلٹ نے فوری طور پر سری نگر کے ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کرتے ہوئے ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا۔پرواز میں شدید جھٹکوں کے باعث مسافر زور زور سے چیخنے، رونے اور دعائیں مانگنے لگے۔خوفزدہ مسافروں نے اپنی نشستوں کو زور سے پکڑ رکھا تھا جبکہ طیارے کے اندر کا منظر مکمل طور پر بکھرا ہوا نظر آیا۔ایسے سنگین حالات میں بھی پائلٹ نے مہارت سے طیارے کو شام 6 بج کر 30 منٹ پر سری نگر ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار دیا۔ ژالہ باری کے باعث طیارے کے اگلے حصے کو کچھ نقصان ضرور پہنچا تاہم خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے۔ واقعے کے بعد مسافروں نے راحت کی سانس لی۔