موسم گرما سے نمٹنے تلنگانہ فائر ڈپارٹمنٹ متحرک

   

محکمہ کا اعلیٰ سطحی اجلاس، ڈائرکٹر جنرل فائر سیفٹی ناگی ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/15 مارچ، ( سیاست نیوز) موسم گرما کے پیش نظر تلنگانہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس اور فائر سرویس محکمہ کا آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ محکمہ فائر سیفٹی کے سربراہ و ڈائرکٹر جنرل وائی ناگی ریڈی کی زیر قیادت اس اجلاس میں اس شعبہ کے تمام عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں جاریہ موسم گرما میں احتیاطی اقدامات کے علاوہ آتشزدگی کے واقعات پر بروقت کارروائی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس اجلاس میں عہدیداروں نے ناگی ریڈی کو بتایا کہ موسم گرما سے نمٹنے کیلئے تلنگانہ فائر ڈپارٹمنٹ متحرک ہے اور تمام فائر انجن گاڑیاں کارکرد ہونے اور بروقت ان کی سرویسنگ کئے جانے کی اطلاع دی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ موسم گرما کے اختتام تک اس محکمہ کا کوئی بھی ملازم رخصت پر نہیں جائے گا جبکہ فائر انجن گاڑیوں میں پانی بھرنے کے مقامات کی بھی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ ریاست کے تمام فائر اسٹیشنس پر فائر انجن گاڑیوں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور احتیاطی تدابیر کے علاوہ آتشزدگی کے واقعات سے متعلق عوام میں شعور بیداری پروگرامس کا بھی انعقاد کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ اس موقع پر وائی ناگی ریڈی نے ہدایت دی کہ تمام فائر آفیسرس حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر ورکس ، جی ایچ ایم سی اور دیگر محکمہ جات سے تال میل کے ساتھ کام کریں۔ب