موسم گرما میں قدرتی ٹھنڈے اشیاء سے تیار کردہ مشروبات مفید صحت

   

لسی ، چھانچ ، فالودہ اور دیگر مشروبات کی طلب میں اضافہ
حیدرآباد۔30 مارچ(سیاست نیوز) موسم گرما کے دوران ٹھنڈک پہنچانے والی قدرتی اشیاء کا استعمال فائدہ مند ثابت ہوتا ہے اسی لئے موسم گرماکی تمازت سے محفوظ رہنے کے لئے بوتل بند مشروبات کے بجائے قدرتی ٹھنڈے اشیاء سے تیار کردہ مشروبات کے استعمال پر توجہ دینی چاہئے ۔ ماہر اطباء کا کہناہے کہ موسم گرما کے دوران چھانچ ‘ لسی ‘ خربوزے کا شربت‘ گنے کا شربت کے علاوہ ایسے تمام مشروب جو تازہ پھلوں سے تیار کئے جاتے ہیں ان کا استعمال فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ شہر حیدرآباد میں عام طور پر موسم گرما کے دوران لسی اور چھانچ کے ساتھ ساتھ گنے کے شربت کی فروخت میں بھی زبردست اضافہ ہونے لگتا ہے اور شہریوں کی جانب سے بوتل بند مشروبات سے زیادہ قدرتی طور پر ٹھنڈا رکھنے والی مشروبات پر انحصار کیا جاتا ہے کیونکہ شہر حیدرآباد کی تہذیبی روایات میں ان اشیاء کا استعمال شامل ہے۔پرانے شہر کے علاقہ شاہ علی بنڈہ کے قریب موجود متوالے دودھ گھر کے مالک جناب محمد متوالے نے بتایا کہ ان کے پاس لسی سال بھر فروخت کی جاتی ہے لیکن موسم گرما کے دوران لسی کی فروخت میں اضافہ ریکارڈ کیاجاتا ہے اور لوگ گرمی کی تمازت اور لو سے خود کو محفوظ رکھنے کیلئے ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کرتے ہیں اور دہی سے تیار کی جانے والی لسی اورتخم سبزہ سے تیار کیا جانے والا فالودہ گرمی میں راحت کے لئے انتہائی مفید ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ان کے پاس خالص دہی وبالائی کے علاوہ ہاتھ سے تیار کردہ آئس کریم کے استعمال سے لسی تیار کی جاتی ہے اور فالودہ کی تیاری میں بھی معیاری اشیاء کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ متوالے دودھ گھر کے علاوہ شہریان حیدرآباد میں شہران ہوٹل ‘ شاداب ہوٹل ‘ آگرہ والا سوئیٹس ‘ نایاب ہوٹل اور دیگر مقامات پر فروخت کی جانے والی لسی موسم گرما کاپسندیدہ مشروب ہے لیکن فی زمانہ مختلف کمپنیو ںکی جانب سے لسی ‘ چھانچ کے علاوہ دیگر قدرتی مشروب بھی ٹیٹرا پیاک میں فروخت کئے جا رہے ہیں اور ان کے استعمال میں بھی تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ دونوں شہروں میں مسقطی گروپ کی جانب سے فروخت کی جانے والی لسی بھی شہریوں کی پسند بن چکی ہے اور پیاک لسی میں مسقطی کی مختلف فلیور والی لسی کو بھی کافی پسند کیا جانے لگا ہے۔ٹھنڈے مشروبات کااستعمال کرنے والوں کی لسی کے علاوہ گنے کے شربت اور دیگر مشروبات کا استعمال بھی عام ہے لیکن ماہر اطباء کا کہناہے کہ ناقص برف کے استعمال کرنے والوں سے چوکنا رہتے ہوئے ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کیا جاناچاہئے کیونکہ ناقص برف کا استعمال صحت کی خرابی کا سبب بن سکتا ہے۔م