موسیٰ رام باغ میں نوجوانوں پر حملہ سے کشیدگی

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔یکم ؍ اگسٹ، ( سیاست نیوز) ملک پیٹ موسی رام باغ میں کل رات اسوقت کشیدگی پھیل گئی جب حالت نشہ میں بعض اشرار نے دو طلباء پر حملہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق 21 سالہ محمد فاروق ساکن چنچلگوڑہ اپنے بھائی محمد عفان کے ہمراہ موسی رام باغ آر ٹی او آفس کے قریب واقع العرب مندی ہوٹل میں کھانا کھانے کیلئے پہنچے تھے اور اپنی قیمتی آوڈی کار کو ہوٹل کے باہر پارک کیا تھا۔ کھانے کے دوران مذکورہ نوجوانوں نے اچانک ایک بڑی آواز سنی اور ہوٹل کے باہر نکل آنے پر دیکھا کہ ان کی کار کو ایک شخص جو حالت نشہ میں ہے تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے ٹکر دے دی۔ محمد فاروق اور عفان نے موٹر سیکل سوار جس کی شناخت ونیت راؤ کی حیثیت سے کی گئی ہے کار کی مرمت کروانے کیلئے کہا اور اسی بحث کے دوران ایک نامعلوم شخص نے ونیت کی حمایت کرتے ہوئے وہاں پہنچا اور اس کے ہاتھ میںموجود لاٹھی سے نوجوانوں پر وار کردیا۔ اس حملہ میں دونوں نوجوان زخمی ہوگئے جس کے نتیجہ میں انہیں دواخانہ منتقل کیا گیا اور ملک پیٹ پولیس کی ایک ٹیم بھی وہاں پہنچ گئی۔ انسپکٹر ملک پیٹ پولیس اسٹیشن مسٹر کے سرینواس نے بتایا کہ حملہ آوروں کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ ایک حملہ آور کو حراست میں لیتے ہوئے نامعلوم حملہ آور کی شناخت کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کی گئی ہے اور اسے بھی عنقریب گرفتار کرلیا جائے گا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔