موسیٰ ندی ترقیاتی منصوبہ پر ڈسمبر سے عمل آوری ‘چیف منسٹر کی ہدایت

   

عہدیداروں کے ساتھ اجلاس، ابتدائی دو مراحل میں ذخائر آب سے باپو گھاٹ تک ترقیاتی کام، کشتی رانی کا منصوبہ
حیدرآباد۔ 5 اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ موسیٰ ندی ترقیاتی منصوبہ پر ڈسمبر سے عمل آوری کا آغاز کیا جائے۔ چیف منسٹر نے موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کے پہلے مرحلہ کے کاموں کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں جائزہ لیا۔ پہلے مرحلہ کے کاموں کیلئے 5641 کروڑ کی ضرورت پڑیگی اور 493 ایکر اراضی کو ترقی دی جاسکتی ہے۔ پراجکٹ کی تکمیل کیلئے حکومت نے زیادہ تر انحصار قرض پر کیا ہے اور دیگر وسائل کے ذریعہ بھی فنڈس اکٹھا کئے جائیں گے۔ ایشین ڈیولپمنٹ بینک نے پراجکٹ کیلئے 4100 کروڑ کی اجرائی سے اصولی اتفاق کیا ہے۔ ریاستی حکومت 1541 کروڑ کا انتظام کرے گی اور باقی رقم مالیاتی اداروں سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ موسیٰ ندی ترقیاتی منصوبہ کا مقصد ندی کو پاک و صاف کرکے پانی کے بہاؤ کو یقینی بنانا ہے۔ موسیٰ ندی کی ترقی کے نتیجہ میں اطراف کے علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ حکام نے پہلے مرحلہ میں 493 ایکر اراضی کی ضرورت ظاہر کی جس میں 340 ایکر اراضی خانگی پٹہ داروں اور 153 ایکر اراضی سرکاری اداروں کی ہے۔ حکومت نے پراجکٹ کے تحت پہلے مرحلہ میں عثمان ساگر تا باپو گھاٹ 11 کیلو میٹر کو ترقی دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ پہلے مرحلہ کے دو جزوی پراجکٹس رہیں گے اور فیس IA کے تحت 9.5 کیلو میٹر کا احاطہ کیا جائے گا جو حمایت ساگر تا باپو گھاٹ 2500 کروڑ سے مکمل ہوں گے۔ فیس IB کے تحت 3141 کروڑ سے عثمان ساگر تا باپو گھاٹ 11 کیلو میٹر ترقی دی جائیگی۔ موسیٰ ندی کی ترقی کے علاوہ سیاحتی مرکز اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا حکومت کا منصوبہ ہے ۔ شاپنگ مالس، تفریحی پارکس، اسٹریٹ ونڈر زون، لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو اور واٹر اسپورٹس کی سہولتیں دستیاب رہیں گی۔ ندی کے دونوں جانب 20 میٹر کا گرین بیلٹ تعمیر کیا جائے گا۔ گنڈی پیٹ تا باپو گھاٹ کشتی رانی کی سہولت رہے گی۔ پراجکٹ کیلئے اراضی حصول قانون 2013 کے تحت منصوبہ بندی کی گئی اور متاثرین کو مناسب معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے پراجکٹ میں شریک تمام محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ذریعہ پہلے مرحلہ کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ شہر کے ترقیاتی منصوبہ کی تکمیل کو اولین ترجیح دیں۔ 1