ایچ ایم ڈی اے کا ماسٹر پلان 2050 تیار، چارمینار پیدل راہرو متاثرہ تاجروں کیلئے خصوصی بریج
حیدرآباد 13 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو پولیٹن ریجن کے تحت ایچ ایم ڈی اے نے ماسٹر پلان 2050 تیار کیا جس کے تحت موسیٰ ندی پر جملہ 29 بریجس کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کے ضمن میں ایچ ایم ڈی اے نے میٹرو پولیٹن ریجن کی ترقی کیلئے 2050 تک کی منصوبہ بندی ماسٹر پلان کی شکل میں کی ہے۔ منصوبہ کے مطابق ایچ ایم ڈی اے نے موسیٰ ندی پر 29 نئے بریجس کی تعمیر کی تجویز پیش کی ہے اور موسیٰ ندی پر پہلے سے شہری حدود میں 17 بریجس موجود ہیں۔ ایچ ایم ڈی اے کے مطابق موسیٰ ندی کے 55 کیلو میٹر حدود میں نئے 29 بریجس کی تعمیر کی منصوبہ بندی ہے۔ دونوں شہروں کے ذخائر آب حمایت ساگر اور عثمان ساگر سے مختلف علاقوں کو مربوط کرکے ندی کے دونوں جانب ترقیاتی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی ۔ پراجکٹ کی تکمیل پر ہر کیلو میٹر پر ایک بریج یقینی طور پر رہے گا۔ سابق بی آر ایس حکومت نے موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کے تحت 14 بریجس کی تعمیر کا منصوبہ تھا۔ موجودہ بریجس چادر گھاٹ ، ابراہیم باغ، موسی رام باغ ، افضل گنج ، اپل ، منچی ریولو، حیدر شاہ کوٹ ، پرتاپ سنگارم ، بنڈلہ گوڑہ جاگیر، سن سٹی ، بدویل اور عطا پور میں موجود ہیں۔ ایچ ایم ڈی اے نے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ سے متاثر چھوٹے تاجروں کیلئے ایک خصوصی پل تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی ۔ بریجس کی تعمیر میں عہدیداروں کی ایک ٹیم نے پیرس کا دورہ کیا جہاں سینی نہر پر موجود بریجس کا جائزہ لیا گیا۔ اسمبلی انتخابات سے قبل 6 بریجس کا سنگ بنیاد رکھا گیا لیکن حکومت کی تبدیلی کے بعد پراجکٹس سست روی کا شکار ہوگیا ۔ موسیٰ رام باغ بریج کے تعمیری کام جاری ہیں۔ موسیٰ ندی کے اطراف معاشی ترقی اور گرین انفراسٹرکچر کے ساتھ ترقیاتی منصوبہ پر عمل کیا جائے گا۔1