موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ پر 13 مارچ کو ریونت ریڈی کا پریزنٹیشن

   

طالبات کو عنقریب الیکٹرک اسکوٹی کی تقسیم، عالمی یوم خواتین تقریب سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد۔ 8 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ وہ 13 مارچ کو موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ پراجکٹ کے بارے میں پائے جانے والی غلط فہمیوں اور اندیشوں کا ازالہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پراجکٹ کی تکمیل کے ذریعہ موسیٰ ریور فرنٹ کو ایک معاشی ہب میں تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ عالمی یوم خواتین کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کی راہ میں رکاوٹ کا اپوزیشن پر الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ سے نہ صرف حیدرآباد کی ترقی ہوگی بلکہ حیدرآباد ایک عالمی سیاحتی مرکز کے طور پر ابھرے گا۔ انہوں کہا کہ احمد آباد میں سابرمتی ریور فرنٹ کی ترقی کے لئے 10 ہزار خاندانوں کو بے گھر کیا گیا اور ان کی بازآبادکاری نہیں کی گئی۔ نئی دہلی میں یمنیٰ ریور فرنٹ اور اترپردیش میں گنگا ریور فرنٹ کو ترقی دی گئی۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ پر اپوزیشن غیر ضروری اندیشوں کا اظہار کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ سے متاثر ہونے والے تمام خاندانوں کی مناسب مدد اور بازآباکاری کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ سے متاثر ہونے والے تمام خاندانوں کی بھلائی حکومت کی ذمہ داری رہے گی۔ انہوں نے حیدرآباد میں غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی اور اراضیات کے تحفظ میں عوام سے تعاون کی اپیل کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نئی دہلی اور ممبئی کے علاوہ چینائی میں ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوا ہے۔ حیدرآباد میں بھی آلودگی کا خطرہ برقرار ہے۔ حکومت حیدرآباد کو ساؤتھ کوریا، نیویارک اور ٹوکیو کی طرز پر ترقی دینا چاہتی ہے۔ حیدرآباد میں آلودگی پر قابو پانے کے لئے 2500 آر ٹی سی بسوں کو ڈسمبر تک الیکٹرک بسوں میں تبدیل کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کالج کی طالبات میں عنقریب الیکٹرک اسکوٹرس کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں پر صفر ٹیکس پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک ریاست کی معیشت کو تین ٹریلین ڈالرس تک ترقی دی جائے گی۔ کانگریس پارٹی نے لڑکیوں کو الیکٹرک بائیکس کی تقسیم کا انتخابی وعدہ کیا تھا اور چیف منسٹر نے عنقریب تقسیم کا بھروسہ دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت خواتین کی ترقی کے لئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔ تحفظ کے معاملہ میں تلنگانہ ملک میں خواتین کے لئے محفوظ ریاست ہے۔ آر ٹی سی کی ایک ہزار بسوں اور ایک ہزار میگاواٹ کے سولار پلانٹس کی ملکیت خواتین کو دی جارہی ہے۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے خاتون صحافیوں کو تہنیت پیش کی۔ 1