موسیٰ ندی سے متصل بستیوں کے متاثرین میں راشن کٹس کی تقسیم

   

عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں فیض عام ٹرسٹ کا پروگرام
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : اللہ تعالیٰ ہر کسی کو اپنے بندوں کی خدمت کا اعزاز نہیں بخشتے بلکہ چند ایک شخصیتوں کو خدمت خلق کا اعزاز عطا کر کے انہیں روتی بلکتی انسانیت کی مدد کا ذریعہ بناتے ہیں اور ان کے فیض سے پریشان حال اور مصیبت زدہ لوگ بالخصوص ضرورت مند طلباء وطالبات فیض یاب ہوتے ہیں ۔ ایسی ہی شخصیتوں میں جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ ، ٹرسٹی ڈاکٹر مخدوم محی الدین ، رکن عاملہ جناب علی حیدر عامر اور پروفیسر انور خاں بھی شامل ہیں جبکہ ان تمام کو ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کا ہمیشہ بھر پور تعاون حاصل رہتا ہے ۔ فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے حالیہ بارش کے متاثرین بالخصوص چادر گھاٹ سے بہنے والی موسیٰ ندی سے متصل بستیوں کے پریشان مکینوں میں آج راشن کٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے بتایا کہ تقریبا 2 لاکھ روپئے کے مصارف اس نیک کام پر آئے ہیں جس کے لیے وہ فیض عام ٹرسٹ کے عطیہ دہندگان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں رسول پورہ ، شنکر نگر ، چدر اور موسیٰ نگر چادر گھاٹ جیسے چار محلوں کے 200 سے زائد لوگوں کو راشن کٹس دی گئیں ۔ ڈاکٹر مخدوم محی الدین نے دلوں کو چھونے والے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ مصیبت اور پریشانیوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اسی طرح فیض عام ٹرسٹ بھی بلالحاظ مذہب و ملت رنگ و نسل ذات پات ہر ضرورت مند کی مدد کی کوشش کرتا ہے ۔ پروفیسر انور خاں نے کہا کہ ہم سب برابر ہیں اور مصیبت کے موقع پر ہمیں ایکدوسرے کی مدد کرنی چاہئے ۔ جناب علی حیدر عامر نے اپنے خطاب میں فیض عام ٹرسٹ کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی ۔ اس پروگرام کے انعقاد میں منیجر کپڑا بینک شیخ اکرم نے اہم کردار ادا کیا ۔ اس موقع پر فیلڈ آفیسر فیض عام ٹرسٹ محمد اعظم خان بھی موجود تھے ۔۔