موسیٰ ندی پراجکٹ کو دو مرحلوں میں مکمل کرنے کا منصوبہ!

   

طاس میں 1600 اور بفر زون میں 13 ہزار مکانات کی نشاندہی،متاثرہ خاندانوں کو ڈبل بیڈروم مکانات ، رنگ روڈ کے قریب اراضی کی تجویز

حیدرآباد : /22 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاستی حکومت موسیٰ ندی کی صفائی اور احیاء کے منصوبوں کو دو مرحلوں میں مکمل کرنے کی حکمت عملی پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ پہلے مرحلے میں موسیٰ ندی کے بہنے والے علاقے کو ترقی دی جائے گی ۔ دوسرے مرحلے میں موسیٰ ندی کے د ونوں طرف 50 میٹر کے حدود کو بفر زون کے طور پر ترقی دی جائے گی لیکن ڈی پی آر ایک منصوبہ کے تحت تیار کیا جائے گا ۔ کام کو بغیر تعطل اور پریشانی کے آگے بڑھانے کیلئے حکومت نے دو مرحلوں میں اس پراجکٹ کو مکمل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ پہلے مرحلے کا کام شروع ہونے کے چند دنوں میں دوسرے مرحلے کیلئے ضروری سرگرمیاں شروع کردی جائیں گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ موسیٰ ندی کے طاس میں صرف چند مکانات ہیں جبکہ بفر زون میں زیادہ مکانات ہیں جس کی وجہ سے پراجکٹ کو دو مرحلوں میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ حکومت نے نشاندہی کی ہے کہ موسیٰ ندی کے طاس میں 1600 مکانات ہیں ۔ ان میں سے بہت سے خاندانوں کو وہاں سے منتقل کردیا گیا ہے جس کے بعد حکومت کو امید ہے کہ پہلے مرحلے کے منصوبے پر تیزی سے کام شروع کیا جاسکتا ہے ۔ بفر زون کے بشمول تقریباً 13 ہزار عوام اپنے گھروں سے محروم ہوجانے کا اندازہ لگایا جارہا ہے ۔ ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی ، پونم پربھاکر ، چیف منسٹر کے مشیر نریندر ریڈی فی الحال سیول کے دورے پر ہیں ۔ انہوں نے چنگ ای چنگ پراجکٹ کا دورہ کیا ہے ۔ دورے میں شامل عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا ہے ۔ واپسی کے بعد چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو رپورٹ پیش کی جائے گی ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چھ سال میں پراجکٹ کو مکمل کیا جائے گا ۔ ڈی پی آر کی تیاری پر بھی مذاکرات ہوئے ہیں ۔ موسیٰ ندی بحالی کے منصوبے کے ایک حصے کے طور پر حکومت فی الحال پہلے مرحلے میں موسیٰ ندی کے دونوں طرف میں ایک دیوار تعمیر کرنے کی تجویز ہے ۔ دیوار کے درمیان میں موسیٰ ندی کی صفائی کرتے ہوئے دونوں طرف کے پشتوں کو خوبصورت بنانے پر غور کیا جارہا ہے ۔ بفر زون میں موسیٰ ندی کے ساتھ 55 کلو میٹر تک دونوں طرف چوڑی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی اور سڑکوں کے ساتھ ساتھ دیگر ترقیاتی منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے ۔ چیف سکریٹری دانا کشور ، ڈائرکٹر پی گوتمی ، موسیٰ ریور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیف انجنیئر بھی سیول کے دورے میں شامل ہیں اور اس مسئلہ پر وزراء سے بھی تبادلہ خیال کیا ہے ۔ حکومت موسیٰ ندی کی بحالی کے منصوبے کے تحت مکانات سے محروم ہونے والے افراد کو راحت فراہم کرنے کے معاملہ میں پہلے سے ہی اس کا پلان تیار کرلیا ہے ۔ مکانات سے محروم ہونے والے افراد کو ڈبل بیڈ روم مکانات دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چند متاثرین کو ڈبل بیڈروم مختص کردیئے گئے ہیں اور وہ منتقل بھی ہوگئے ہیں ۔ گھروں سے محروم ہونے والوں کی تعداد زیادہ ہے ۔ چند متاثرین کو رنگ روڈ کے قریب 150 تا 200 گز اراضی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ متاثرہ خاندانوں میں معاوضہ ڈبل بیڈروم مکانات اورمکانات کے پلاٹ بھی دینے کا پلان تیار کیا گیا ہے ۔ اسی طرح متاثرین میں اراضی کی تقسیم کیلئے 600 تا 800 ایکر اراضی کی ضرورت ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے ۔ 13 ہزار متاثرہ خاندانوں کو اراضی دینے پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔ /26 اکٹوبر کو منعقد ہونے والے ریاستی کابینہ کے اجلاس میں اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کا امکان ہے ۔ 2