متاثرین کو معاوضہ ادا کیا جائے گا، آر ڈی او وینکٹ ریڈی کا اعلان
حیدرآباد ۔24 ۔ فروری (سیاست نیوز) آر ڈی او راجندر نگر وینکٹ ریڈی نے کہا کہ موسیٰ ندی کے بیوٹیفیکیشن پراجکٹ کے تحت حصول اراضیات کے کاموں میں تیزی پیدا کردی گئی ہے۔ راجندر نگر کے حدود میں موسیٰ ندی کے علاقوں میں یہ کام کیا جارہا ہے ۔ اس پراجکٹ کے لئے پہلے ہی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے ۔ قواعد کے مطابق تعمیرات کو تحویل میں لیا جائے گا۔ راجندر نگر ڈیویژن کے حدود میں قسمت پورہ ، درگاہ کے علاقوں سے متعلق حصول اراضیات کی نوٹیفکیشن جاری کرنے کے بعد کارروائی میں تیزی پیدا کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بنڈلہ گوڑہ جاگیر اور اوپر پلی کے حدود میں بھی عمارتوں کو بہت جلد تحویل میں لے لیا جائے گا۔ گزشتہ چند دنوں سے موضوع بحث بننے والے Madhupark Ridge اپارٹمنٹ کے مسئلہ پر آر ڈی او نے وضاحت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپارٹمنٹ مکمل طور پر موسیٰ ندی کے بفر زون میں شامل ہے۔ ماضی میں تمام منظوریاں حاصل کرتے ہوئے اس کی تعمیر کے باوجود فی الحال یہ پراجکٹ قواعد کی خلاف ورزی شامل ہے جس کے پیش نظر قواعد کے مطابق متاثرین کو معاوضہ ادا کرتے ہوئے اپارٹمنٹ کو تحویل میں لے لیا جائے گا۔ آر ڈی او وینکٹ ریڈی نے کہا کہ موسیٰ ندی کی سرحد سے 50 میٹر اندر رہنے والے تمام مکانات اور دیگر تعمیرات کو حکومت اپنی تحویل میں لے لے گی۔ اس عمل کو شفاف بنانے کیلئے مرحلہ وار اساس پر منصوبہ بندی تیار کی جائے گی۔ حصول اراضیات کے عمل میں متاثرین کی رائے کا احترام کیا جائیگا۔ ابتدائی نوٹیفکیشن کی اجرائی کے بعد اندرون 60 دن متاثرہ علاقوں کے عوام سے رائے حاصل کی جائے گی۔ اس کے بعد قطعی فیصلہ کرتے ہوئے عمارتوں کو تحویل میں لیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقیاتی منصوبہ میں حکومت سے مکمل تعاون کریں۔2