موسیٰ ندی کو تھیمس ندی کے طرز پر ترقی اور متصل علاقوں میں تجارتی مراکز

   

برطانوی ہائی کمشنر الیکس سے چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کی ملاقات
حیدرآباد۔24 جنوری(سیاست نیوز) حکومت نے موسیٰ ندی کو تھیمس ندی کے طرز پر ترقی دینے اور اس موسیٰ ندی سے متصل علاقوں کو تجارتی مراکز کے طور پر فروغ دینے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج برطانوی ہائی کمشنر مسٹر الیکس الیس سے ملاقات کے دوران یہ بات کہی۔ انہو ںنے بتایا کہ وہ اپنے حالیہ دورہ ٔ لندن کے موقع پر تھیمس ندی کا مطالعاتی دورہ کرچکے ہیں اور انہوں نے ریور فرنٹ کی ترقی اور ندی کے پانی کو صاف رکھنے کے اقداما ت کے علاوہ اطراف و اکناف کے علاقوں کو سیاحتی مرکز سے فائدہ پہنچانے کے متعلق آگہی حاصل کرنے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ موسیٰ ندی کو تھیمس کے طرز پر ترقی دیتے ہوئے مقامی عوام کو اس سے فائدہ پہنچانے کے اقدامات کئے جائیںگے۔ انہو ںنے بتایا کہ موسیٰ ندی کو سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے علاوہ موسیٰ ندی کے پانی کی صفائی اور اطراف میں تجارتی علاقہ کی ترقی کے ذریعہ روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ برطانوی ہائی کمشنر مسٹر الیکس الیس نے چیف منسٹر سے ملاقات کے دوران کہا کہ موسی ندی کی ترقی کے علاوہ ریاست میں ایکو ٹورازم کے فروغ کے علاوہ دیگر پراجکٹس میں برطانیہ ممکنہ تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے سلسلہ میں بھی برطانوی ہائی کمشنر اور حکومت برطانیہ اپنے طور پر ممکنہ اقدامات کرے گی ۔اس ملاقات کے دوران چیف سیکریٹری محترمہ شانتی کماری ‘ مسٹر اجیت ریڈی ‘ مسٹر گیریتھ وئین ڈپٹی ہائی کمشنر برطانیہ متعینہ حیدرآباد کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔3