موسیٰ ندی کو عالمی معیار کے مطابق ترقی کا منصوبہ

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی سے نیو ڈیولپمنٹ بینک کے ڈائرکٹر جنرل ڈی جے پانڈین کی ملاقات
حیدرآباد ۔ یکم۔فروری(سیاست نیوز) نیو ڈیولپمنٹ بینک کے ڈائریکٹر جنرل مسٹر ڈی جے پانڈین نے آج سیکریٹریٹ میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور دیگر کابینی وزراء سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے بینک کے ڈائریکٹر جنرل کو حکومت کی جانب سے شہری ترقیات کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات اور منصوبوں سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے موسیٰ ندی کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اس منصوبہ سے مقامی عوام کو روزگار حاصل ہوگا علاوہ ازیں شہر حیدرآباد میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے ساتھ موسیٰ ندی کے طاس کو ترقی دینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ اس اجلاس کے دوران مسٹر ڈی جے پانڈین کو بتایا کہ حکومت تلنگانہ نے موسیٰ ندی ریور فرنٹ کی تعمیر اور ترقی کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عالمی سطح پر اس ندی کو ترقی دینے کی منصوبہ بندی کی ہے ۔ انہوں نے نیو ڈیولپمنٹ بینک کے وفد کے ذمہ داروں کو بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے موسیٰ ندی کو ترقی دیتے ہوئے سیاحت کے فروغ کے اقدامات کے ساتھ شہر حیدرآباد میں میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ کے آغاز کی منصوبہ بندی بھی کی جاچکی ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں ان کاموں کا آغاز کردیا جائے گا۔ چیف منسٹر اور نیو ڈیولپمنٹ بینک کے وفد کی اس ملاقات کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک ‘ ریاستی وزراء کیپٹن اتم کمار ریڈی ‘ مسٹر ڈی سریدھر بابو‘ مسٹر پی سرینواس ریڈی کے علاوہ چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ مسز شانتی کماری ‘ سیکریٹری برائے چیف منسٹر مسٹر وی شیشادری‘ مسٹر راما کرشنا راؤ اسپیشل چیف سیکریٹری فینانس کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے مذاکرات کے دوران بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ کے کاموں کے آغاز کے سلسلہ میں منصوبہ کو قطعیت دے دی گئی ہے ۔ انہو ں نے واضح کیا کہ حکومت تلنگانہ کے اس منصوبہ سے میٹرو ریل کے مسافرین کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا اور شہر حیدرآباد کی مجموعی ترقی کے اقدامات کو بھی یقینی بنانے کے علاوہ شہریوں کے لئے کافی سہولت ہوگی۔ چیف منسٹر نے نیو ڈیولپمنٹ بینک کے ذمہ داروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ریاست میں بے روزگار نوجوانوں کو تربیت کی فراہمی اور انہیں ہنر مند بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے اسکل ڈیولپمنٹ انسٹیٹیوٹ قائم کئے جائیں گے تاکہ تعلیم یافتہ بے روزگاروں اور ناخواندہ نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں کے اعتبار سے تربیت فراہم کرتے ہوئے انہیں ہنر مند بنایا جائے گا۔ مسٹر ڈی جے پانڈین نے حکومت کے ذمہ داروں کو ریاست کی ترقی میں ممکنہ تعاون کا تیقن دیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے تیار کئے جانے والے منصوبے شہر حیدرآباد کی جامع ترقی کے ضامن ثابت ہوں گے۔3