آبی وسائل کے تحفظ میں تلنگانہ ملک کے لیے رول ماڈل ہوگا، آئی ٹی پی آئی کانفرنس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ کانگریس حکومت موسیٰ ندی کو ترقی دینے کے معاملے میں عہد کے پابند ہے ۔ مخالفتوں اور احتجاج سے ڈرنے گھبرانے والے نہیں ہے اور نہ ہی پیچھے ہٹنے والے ہیں ۔ انسٹی ٹیوٹ آف ٹاون پلانرس انڈیا ( آئی ٹی پی آئی ) تلنگانہ اسٹیٹ چیاپٹر کے زیر اہتمام پارک حیات ہوٹل میں اہتمام کردہ ساوتھ زون کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ عام طور پر جب کوئی اچھا کام ہوتا ہے تو چند لوگ جان بوجھ کر اس میں رکاوٹیں پیدا کرتے ہیں ۔ موسیٰ ندی کی ترقی کے معاملے میں بھی ایسا ہی کچھ ہورہا ہے ۔ مگر حکومت ترقی دینے کے معاملے ایسی رکاوٹوں کی ہرگز پرواہ نہیں کرے گی اور اپنے کام کو بدستور جاری رکھے گی ۔ موسیٰ ندی پراجکٹ کو شہر حیدرآباد کے سیلابی خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے ترقی دی جارہی ہے ۔ صاف صفائی کی جارہی ہے ۔ جو مستقبل کی نسلوں کے لیے اثاثہ ثابت ہوگی اور حیدرآباد کی ترقی بھی ہوگی ۔ ذرائع آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا ۔ وزیر نے کہا کہ آبی وسائل کے تحفظ میں تلنگانہ کو ملک کے دیگر ریاستوں کیلئے رول ماڈل بنانے کی خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی ترقی کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کی تیاری وقت کا تقاضہ ہے ۔ ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ صرف عالیشان عمارتیں تعمیر کرنا ترقی نہیں ہوتی ۔ موجودہ حالات میں ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ترقی ضروری ہے ۔ شہری منصوبہ بندی معاشی مستقبل کی بنیاد ہے ۔ وزیر صنعت نے کہا کہ شہری علاقوں میں سرسبزہ کی ترقی ، کاربن نیوٹرل گروتھ ، پانی کے تحفظ اور پائیدار حمل و نقل میں تلنگانہ سرفہرست ہے ۔ ریاست میں عمل کی جانے والی پالیسیاں اور کئے جانے والے اقدامات ملک کیلئے مثالی بن رہے ہیں ۔ اگر ٹکنالوجی کا موثر طریقے سے استعمال کیا جاتا ہے تو پائیدار کے حامل شہر ترقی کرسکتے ہیں ۔۔ 2