موسیٰ ندی کی ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، متاثرہ غریبوں کو متبادل رہائشی انتظامات

   

عنبرپیٹ میں سرکاری دفاتر پر مبنی منی سکریٹریٹ، غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات، بتکماں کنٹہ جھیل کی افتتاحی تقریب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
جھیلوں اور تالابوں کا بہرصورت تحفظ ہوگا، بتکماں کنٹہ جھیل ہنمنت راؤ کے نام سے موسوم
حیدرآباد۔ 28 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ سے متاثر ہونے والے تمام غریبوں کو رہائش کے متبادل انتظامات کئے جائیں اور ضرورت پڑنے پر ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم کرنے کے لئے حکومت تیار ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج عنبرپیٹ میں ترقی دیئے گئے بتکماں کنٹہ ذخیرہ آب کا افتتاح کیا جہاں بڑے پیمانے پر بتکماں پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد کے لئے تعمیر کئے جانے والے 39 سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کا سنگ بنیاد رکھا۔ عنبرپیٹ میں واقع ذخیرہ آب بتکماں کنٹہ پر ناجائز قبضوں کو برخواست کرتے ہوئے حیڈرا میں ترقیاتی اور تزئین نو کے کام انجام دیئے اور یہ جھیل انتہائی خوبصورتی کے ساتھ تیار کی گئی ہے۔ بتکماں کنٹہ کی افتتاحی تقریب میں ریاستی وزراء پونم پربھاکر، جوپلی کرشنا راؤ، ڈی انوسویا سیتکا، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، رکن راجیہ سبھا انل کمار یادو، رکن اسمبلی کالیرو وینکٹیش، میئر حیدرآباد وجئے لکشمی، ڈپٹی میئر سری لتا اور حیڈرا کمشنر رنگاناتھ نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ موسیٰ ندی کے اطراف غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کے ذریعہ اسے ترقی دی جائے گی اور متاثرہ غریبوں کو متبادل رہائشی انتظامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے بتکماں کنٹہ کو کانگریس قائد وی ہنمنت راؤ کے نام سے موسوم کرنے کی رکن اسمبلی وینکٹیش کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر اور کمشنر جی ایچ ایم سی کو اس سلسلہ میں اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عنبرپیٹ اسمبلی میں 5 کیلو میٹر تک موسیٰ ندی گذرتی ہے اور مقامی رکن اسمبلی نے غریبوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ چیف منسٹر نے کلکٹر حیدرآباد، کمشنر جی ایچ ایم سی اور حیدرآباد کے انچارج وزیر کو جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے موسیٰ ندی کے دامن میں بسنے والے غریب خاندانوں کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عنبرپیٹ اسمبلی حلقہ میں اہم سرکاری دفاتر موجود نہیں ہیں اور عوام کو رجسٹریشن، ٹرانسپورٹ اور دیگر کاموں کے لئے دیگر علاقوں کا رخ کرنا پڑرہا ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ عنبرپیٹ میں تمام سرکاری دفاتر کی فراہمی کے ساتھ منی سکریٹریٹ کے تعمیر کا منصوبہ تیار کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ 9 ڈسمبر سے قبل اس منصوبہ کو منظوری دیں گے تاکہ عنبرپیٹ کے عوام کو سرکاری خدمات فراہم ہوسکیں۔ انہوں نے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر عنبرپیٹ کی ترقی کا بھروسہ دلایا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کے ذریعہ بتکماں کنٹہ کا تحفظ کیا گیا ہے۔ موسیٰ ندی کے اطراف موجود نالوں اور جھیلوں پر ناجائز قبضے برخواست کرتے ہوئے موسیٰ ندی کو ترقی دینے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے غریب خاندانوں سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ حکومت متبادل رہائشی انتظامات کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد کے لئے غریبی محض ایک نمائش ہے لیکن میں نے اپنے گاؤں میں غریبی کو قریب سے دیکھا ہے۔ آج بھی میرے گاؤں کے کئی غریب خاندان عنبرپیٹ میں موسیٰ ندی کے کنارے بسے ہوئے ہیں۔ کانگریس غریبوں کی حکومت ہے اور غریبوں کی بھلائی کے لئے اقدامات کرے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجہ میں محض چند گھنٹوں میں 40 تا 50 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی جارہی ہے، ان حالات سے نمٹنے کے لئے حکومت میکانیزم تیار کرے گی تاکہ شہر کے عوام کو بارش کی صورت میں دشواریوں سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں 24 گھنٹے میں 2 تا 3 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی جاتی رہی لیکن ماحولیاتی تبدیلی نے بارش میں اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں املی بن بس اسٹیشن میں پھنسے ہوئے سینکڑوں مسافرین کو رات 3 بجے تک کارروائی کے ذریعہ محفوظ طریقہ سے نکالا گیا اور ان کی روانگی کے انتظامات کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی عوامی نمائندوں کے تعاون سے اندرون 100 دن بتکماں کنٹہ جھیل کا تحفظ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو عالمی سطح کے شہر کے طور پر ترقی دینا حکومت کا منصوبہ ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ فلم اسٹار ناگرجنا کا این کنونشن سنٹر جو جھیل کی اراضی پر تعمیر کردہ تھا اسے منہدم کیا گیا۔ ناگرجنا میرے اچھے دوست ہیں اور انہوں نے جھیل کی اراضی کے تحفظ میں حکومت سے تعاون کرتے ہوئے دو ایکر اراضی رضاکارانہ طور پر فراہم کی ہے۔ چیف منسٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دھوکہ میں آکر سرکاری اراضیات کو نہ خریدیں۔ خاص طور پر جھیل اور تالابوں کے اراضیات کے تحفظ میں حکومت سنجیدہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سینئر قائد ہنمنت راؤ کی تجویز پر پرگتی بھون کا نام جیوتی باپھولے پرجا بھون کے طور پر رکھا گیا اور 42 فیصد بی سی تحفظات میں بھی ہنمنت راؤ کا تعاون حاصل رہا۔ 1