موسیٰ ندی کے سرحدی علاقوں کو ترقی دینے کا منصوبہ

   

ہر ضلع میں ’ شلپا رامم ‘ کا قیام عمل میں لایا جائے گا ، وزیر سیاحت سرینواس گوڑ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ ریاستی حکومت ہر ضلع میں ایک ’ شلپا رامم ‘ کا قیام عمل میں لائے گی اور چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ویژن پر عمل آوری کر کے تلنگانہ عوام کے خوابوں کو پورا کیا جائے گا ۔ وزیر سیاحت و اکسائز مسٹر سرینواس گوڑ نے اوپل کے مقام پر موسیٰ ندی کے سرحدی علاقہ میں تعمیر کردہ شلپا رامم کا افتتاح کرنے کے بعد اپنا خطاب کرتے ہوئے مذکورہ اظہار خیال کیا اور بتایا کہ کمزور و پسماندہ طبقات کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں ’ شلپارامم ‘ بہت ہی مددگار ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شلپارامم میں شلپا کلا ویدیکا کی تعمیر کے لیے بھی ممکنہ کوشش کی جائے گی ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ موسیٰ ندی کے سرحدی علاقہ کو ترقی دے کر ایک خوبصورت مقام میں تبدیل کر کے ایک نئی خوبصورتی پیدا کی جائے گی ۔ مسٹر سرینواس گوڑ نے بتایا کہ ریاستی حکومت اس موسیٰ ندی پر مزید نئے بریجس تعمیر کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے اور بہت جلد اس سلسلہ میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نئے بریجس ( پلوں ) کی تعمیر کے سلسلہ میں فیصلہ کریں گے ۔ ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری و فشریز مسٹر ٹی سرینواس یادو نے اس تقریب میں شرکت کرتے ہوئے اپنی تقریر میں کہا کہ شہر کے عوام کو پر سکون ماحول پیدا کرنے اور تفریحی مقام فراہم کر کے سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں شلپارامم ممد و معاون ثابت ہوں گے ۔ ریاستی وزیر لیبر مسٹر ملا ریڈی نے اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کا ہمیشہ ساتھ دے گی اور محض چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی کاوشوں کے نتیجہ میں ہی اوپل میں ’ بھگایت کسانوں ‘ کے مسائل کی یکسوئی ہوسکی ۔ رکن پارلیمان ملکاجگیری ( کانگریس پارٹی ) مسٹر ریونت ریڈی نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسیٰ ندی کے ساحلی علاقہ میں ’ شلپارامم ‘ کا قیام عمل میں لائے جانے پر ریاستی تلنگانہ حکومت سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اوپل کی مثالی ترقی کے ذریعہ اس علاقہ کو خوبصورت بنانے کی ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی ۔ مسٹر ریونت ریڈی نے اس علاقہ کے عوام سے شلپا رامم سے بھر پور استفادہ کرنے کی خواہش کرتے ہوئے اپنے کسی بھی مسائل کی یکسوئی کیلئے ان سے ربط پیدا کرنے کی بھی اپیل کی ۔ رکن اسمبلی حلقہ اوپل مسٹر بی سبھاش ریڈی نے بتایا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور کارگزار صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ کی خصوصی دلچسپی کے باعث ہی اوپل میں شلپارامم کا قیام ممکن ہوسکا ۔ رکن تلنگانہ ریاستی قانون ساز کونسل مسٹر جناردھن ریڈی نے اپنی تقریر میں بتایا کہ تلنگانہ تہذیب کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر کوئی اپنی اپنی کوشش کریں ۔ اس موقعہ پر کارپوریٹر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اوپل ، مسٹر ہنمنت ریڈی ، اسپیشل آفیسر شلپارامم مسٹر کشن راؤ اور جنرل منیجر شلپارامم مسٹر کشن داس و دیگر قائدین اور عوام کثیر تعداد میں موجود تھے ۔۔