چیف منسٹر نے پرانے شہر کے علاوہ دیگر علاقوںمیں میٹرو کی توسیع ،موسیٰ ندی ترقی پراجکٹ کا جائزہ لیا
حیدرآباد۔ 24 ستمبر (سیاست نیوم) تلنگانہ حکومت نے موسی ندی ترقیاتی پراجکٹ کیلئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے متاثرین کو مکمل راحت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو 16 ہزار ڈبل بیڈروم مکانات مختص کرتے ہوئے احکامات جاری کئے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے اجلاس میں موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ اور حیدرآباد میٹرو ریل کی توسیع کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ عوام بالخصوص متاثرین کے جذبات کا احترام کریں۔ انہیں اعتماد میں لے کر انہدامی کارروائی کریں۔ عہدیداروں نے جو فہرست تیار کی ہے اس سے پتہ چلا ہے کہ 10,200 افراد اپنے گھروں سے محروم ہوں گے۔ انہیں ڈبل بیڈ روم مکانات حوالے کئے جائیں گے اور ریور بیڈ میں تعمیر غیر مجاز 1600 تعمیرات کو منہدم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ چہارشنبہ سے ہی عہدیداروں کو گھر گھر پہنچ کر متاثرین سے ملاقات کا مشورہ دیا گیا۔ متاثرین کی مکمل تفصیلات حاصل کرنے اور ڈبل بیڈ روم مکانات کے ساتھ انہیں متبادل فراہم کرنے کا مشورہ دیا۔ اس کے علاوہ تالابوں، جھیلوں اور نالوں پر ناجائز قبضوں کو ہٹانے کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ آؤٹر رنگ روڈ حدود کے تالابوں کی حفاظت اور ناجائز قبضوں سے بچانے کیلئے سی سی کیمرے تنصیب کرنے کے احکامات جاری کئے۔ چیف منسٹر نے میٹرو ریل کی توسیع پر اجکٹ اور اس کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا اور مقررہ وقت پر ترقیاتی کاموں کو تکمیل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے پرانے شہر میں میٹرو ریل کے تعمیراتی کاموں میں تیزی پیدا کرنے اور تعمیر کے مقامات پر حصول اراضیات اور دیگر رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کرنے کا مشورہ دیا۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو ایل بی نگر تا حیات نگر، ایم جی بی ایس تا چندرائن گٹہ تک کئے جانے والے کاموں سے واقف کرایا۔ 2