ندی کے کناروں پر رہنے والوں کا تخلیہ کروانے جی ایچ ایم سی کے انتظامات
حیدرآباد ۔ 24 جولائی (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کی جانب سے حمایت ساگر، عثمان ساگر اور دیگر ذخائر آب سے پانی چھوڑنے کے بعد موسیٰ ندی میں پانی کے بہت زیادہ بہاؤ کے پیش نظر موسیٰ ندی کے کنارے ریڈ الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ جی ایچ ایم سی نے موسیٰ ندی کے کنارے چادرگھاٹ اور موسیٰ رام باغ میں رہنے والے لوگوں کا پانی کی سطح میں اضافہ کی صورت میں تخلیہ کروانے کیلئے ضروری انتظامات کئے ہیں۔ شنکر نگر میں رہنے والے لوگوں کے ایک گروپ کو پہلے ہی قریبی فنکشن ہالس اور اسکولس میں کھولے گئے شیلٹر ہومس منتقل کیا جاچکا ہے۔ شیلٹر ہومس میں انہیں غذا، ادویات اور دوسری بنیادی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ کارپوریشن کے عہدیداروں نے کہا کہ شہر میں نشیبی علاقوں اور موسیٰ ندی کے کنارے رہنے والوں کی مدد کیلئے 324 اسپیشل ٹیموں کو مامور کیا گیا ہے۔ زیرآب علاقوں سے پانی کی نکاسی کیلئے 200 موٹر پمپس کا استعمال کیا جارہا ہے۔ جی ایچ ایم سی کمشنر ڈی ایس لوکیش کمار نے زونل کمشنرس اور ڈپٹی کمشنرس کو موسیٰ ندی کے کناروں کے قریب کے علاقوں پر نظر رکھنے اور چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اسٹیٹ میڈیکل اینڈ ہیلت، ٹورازم، روڈس اینڈ بلڈنگس اور انرجی ڈپارٹمنٹس کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کے کام انجام دیئے جائیں۔ نالوں کی صفائی کو اولین ترجیح دی جارہی ہے تاکہ شہر میں شدید بارش کی صورت میں پانی جمع ہونے نہ پائے اور آسانی کے ساتھ پانی کی نکاسی ہو۔ محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کی جانب سے ان دو اہم ذخائرآب میں پانی کے بہاؤ پر نظر رکھی جارہی ہے اور جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کو ہر گھنٹہ موسیٰ ندی میں پانی کے بہاؤ کے بارے میں واقف کروایا جارہا ہے۔ لوگوں سے کسی شکایت یا مسئلہ کی صورت میں جی ایچ ایم سی MY GHMC app ، ٹوئیٹر یا 040-21111111 کے ذریعہ ربط پیدا کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔ جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس پر مانسون کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں لوگ راست طور پر کارپوریشن میئر جی وجئے لکشمی سے ان کے موبائل نمبر 9704444053 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔
