پراجکٹ کا تخمینہ طئے کرنا باقی، بی آر ایس پر مہیش کمار گوڑ کی تنقید
حیدرآباد۔/23اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پراجکٹ کی تفصیلی پراجکٹ رپورٹ تیار کرنے کی ذمہ داری 5 کمپنیوں کو دی گئی ہے جو عالمی سطح پر اپنی شناخت رکھتے ہیں۔ پراجکٹ کی تیاری کیلئے 141 کروڑ روپئے مختص کئے گئے اور اس کے لئے ٹنڈر طلب کیا جائے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پانچ کمپنیاں مشترکہ طور پر کام کرتے ہوئے موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے اور اطراف کے علاقہ کی ترقی کیلئے جامع پراجکٹ رپورٹ پیش کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی کے تحفظ، آلودگی کے خاتمہ اور اسے خوبصورت بنانے جیسے امور کا پراجکٹ رپورٹ میں احاطہ کیا جائے گا۔ پراجکٹ رپورٹ کی پیشکشی کیلئے 18 ماہ کی مہلت دی جائے گی اور پراجکٹ رپورٹ کی بنیاد پر حکومت منصوبہ بندی کے ذریعہ کاموں کا آغاز کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے پراجکٹ کیلئے دیڑھ لاکھ کروڑ کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔ اپوزیشن کی عادت بن چکی ہے کہ کوئی نہ کوئی ایک مسئلہ پیش کرتے ہوئے حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیئے کہ وہ پراجکٹ کی مخالفت اور تنقیدوں کے بجائے حکومت کو تعمیری تجاویز پیش کرے۔ صدر پردیش کانگریس نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس سوشیل میڈیا پر کروڑہا روپئے خرچ کرتے ہوئے حکومت کو نشانہ بنارہی ہے۔ بی آر ایس قائدین اقتدار سے محرومی کے نتیجہ میں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔1