موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کیلئے پراجکٹ رپورٹ تیار کی جائے

   

میرعالم ٹینک پر بریج کی تعمیر کا منصوبہ، اطراف میں سنگاپور طرز پر 3 آئی لینڈس، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس
حیدرآباد 11 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ اُنھوں نے پراجکٹ کے تحت میر عالم ٹینک اور گاندھی سرور پراجکٹ باپو گھاٹ پر بریجس کی تعمیر کا منصوبہ تیار کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے موسی ریور فرنٹ ترقیاتی پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے خواہش کی کہ میرعالم ٹینک کے بریج کی تعمیر کے لئے جون میں ٹنڈرس طلب کئے جائیں اور سروے کا کام بھی جلد مکمل کیا جائے۔ اُنھوں نے عہدیداروں سے کہاکہ موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کے لئے تفصیلی پراجکٹ رپورٹ، ڈیزائن اور تجاویز تیار کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے کمانڈ کنٹرول سنٹر میں جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں حکومت کے مشیران وی نریندر ریڈی، سرینواس راجو، پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق داناکشور، چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی، موسی ریور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے جوائنٹ منیجنگ ڈائرکٹر گوتمی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ عہدیداروں نے میرعالم ٹینک بریج کی تعمیر کے سلسلہ میں ڈیزائن پر مبنی پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دیا۔ چیف منسٹر نے تجویز پیش کی کہ بریج 2.5 کیلو میٹر طویل ہونا چاہئے اور وزیٹرس اور مسافرین کی سیفٹی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کو قطعیت دی جائے۔ بریج سے متصل اور اطراف کے علاقوں کو خوبصورت بنانے کے لئے 3 آئی لینڈ علاقوں کو ڈیولپ کیا جائے تاکہ سیاحوں کو راغب کیا جاسکے۔ چیف منسٹر نے تجویز پیش کی کہ میرعالم ٹینک بریج کے اطراف سنگاپور گارڈن کی طرز پر آئی لینڈس کو ترقی دی جائے۔ برڈس پیراڈائز اور واٹر فالس کی طرز پر آئی لینڈ قائم کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے پراجکٹ کے ڈیزائن کے تحت شادیوں اور دیگر تقاریب کیلئے کنونشن سنٹر، اڈوینچر پارک، تھیم پارک اور ایمفی تھیٹر کو شامل کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ موسی ریور میں کشتی رانی اور سیاحوں کے قیام کے لئے ریسارٹس اور ہوٹلس بھی قائم کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے تفصیلی پراجکٹ رپورٹ کو تمام ضروری تجاویز کے ساتھ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی طرز پر آئی لینڈ زون کو ترقی دی جائے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہاکہ میرعالم ٹینک میں پانی کی سطح کی برقراری اور بارش کی صورت میں پانی کی نکاسی کے امکانات کا جائزہ لیتے ہوئے عصری ڈیزائن کی تیاری پر توجہ دیں تاکہ مستقبل میں کوئی مسائل پیدا نہ ہوں۔ چیف منسٹر نے ہیڈرولوجی اور ماحولیات کے ماہرین کے ذریعہ سروے کا کام مکمل کرنے کے علاوہ پراجکٹ کے لئے تمام ضروری منظوریاں حاصل کرنے کی ہدایت دی۔ میرعالم بریج کے ساتھ آئی لینڈ زون کو ترقی دی جائے۔ اِس کے لئے علاقہ میں موجود زو پارک کو پیش نظر رکھا جائے۔ چیف منسٹر نے نئی تجاویز کے ساتھ زو پارک کو اپ گریڈ کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ زو حکام سے مشاورت کے بعد زو پارک کے اپ گریڈیشن کا کام انجام دیا جائے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ موسی ریور پراجکٹ کے ذریعہ مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔1