موسی ندی اور حسین ساگر جھیل کے پانی کا معیار بہتر ہوگیا

   

مانسون میں اچھی بارش اور سرکاری اداروں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ
حیدرآباد 14 فبروری ( سیاست نیوز ) ایک ایسے وقت جبکہ دنیا بھر میںدریاؤں میں پانی آلودہ ہونے کی شکایت عام ہوگئی ہے شہر میں موسی ندی اور حسین ساگر جھیل میں صورتحال اس کے برخلاف ہے ۔ گذشتہچ ند برسوں کے دوران موسی ندی اور حسین ساگر جھیل کے پانی کا معیار بہت بہتر ہوا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مختلف ذمہ دار اداروں بشمول جی ایچ ایم سی ‘ تلنگانہ اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ اور حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی و سیوریج بورڈ یہاں آلودگی کی سطح کو کم کرنے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں۔ عہدیداروں کے بموجب بائیو کمیکل آکسیجن ڈیمانڈ کی سطح موسی ندی میں کم ہوگئی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ جرثوموں میں آکسیجن جذب کرنے کی صلاحیت بڑھ گئی ہے ۔ ڈائرکٹر نیشنل گرین کارپس پرسنا کمار نے بتایا کہ چونکہ بارش اچھی ہوئی ہے ایسے میں ان ذخائر آب میں پانی کے معیار میں بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں مانسون بہت اچھا رہا ہے جس سے موسی ندی اور حسین ساگر جھیل میں پانی کا معیار بہتر ہوا ہے ۔ اس کے علاوہ مختلف اداروں کی جانب سے پانی کو صاف رکھنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کی جا رہی ہے اور اس کے بھی اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ موسی ندی اور حسین ساگر جھیل کو صاف رکھنے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔