چادر گھاٹ اور موسی رام باغ برج پر ٹریفک روکدی گئی
حیدرآباد۔ 5 ستمبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد اور ذخائر آب کے آبگیر علاقوں میں آج صبح ہوئی موسلادھار بارش کے نتیجہ میں حمایت ساگر اور عثمان ساگر ذخائر آب کی سطح آب خاطر خواہ اضافہ ہوا ۔ دونوں ہی ذخائر آب میںپانی کے بہاؤ میں تیزی آئی ہے اور حکام کی جانب سے عثمان ساگر کے 6 اور حمایت ساگر کے 4 دروازے کھولتے ہوئے موسی ندی میں پانی چھوڑا گیا ۔ عثمان ساگر اور حسین ساگر سے پانی کے اخراج کی وجہ سے موسی ندی میں پانی کا بہاؤ تیز ہوگیا ہے ۔ پانی کے بہاؤ کو دیکھتے ہوئے محکمہ آبرسانی سے چادر گھاٹ کے چھوٹے برج اور موسی رام باغ برج کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے ۔ اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار نے یہ اعلان کیا کہ احتیاطی تدابیر کے تحت چادر گھاٹ کے چھوٹے برج اور موسیٰ رام باغ برج کو عوام کیلئے چہارشنبہ تک بند کردیا گیا ہے۔ موسی ندی میں پانی میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔ برج کے اطراف نشیبی علاقوں کو بچانے احتیاطی تدابیر اختیار کئے جارہے ہیں جسکے تحت برج بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ حیدرآباد واٹر ورکس مینیجنگ ڈائرکٹر دانا کشور نے بتایا کہ دونوں کاز ویز کو ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے بند کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے موسی ندی کے نشیبی علاقوں میں مقیم افرادسے خواہش کی کہ وہ ندی میں پانی کے بہاؤ کے پیش نظر چوکسی برتیں اور احتیاط سے کام لیں۔ ب