موسی ندی کی سطح میں خطرناک اضافہ

   

حیدرآباد 19 اگست (یواین آئی) حیدرآباد اورسکندرآباد میں ہو رہی مسلسل بارش کے باعث موسی ندی خطرناک سطح پر بہہ رہی ہے ۔ بھودان پوچم پلی منڈل کے جولورو۔ردر ویلی علاقہ میں لیول برج پر موسی ندی کا پانی بہہ رہا ہے ۔ شدید بہاو کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت مکمل طور پر بند ہوگئی ہے۔ پیر کی رات سے ہی پولیس نے پل کے دونوں جانب رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔ بی بی نگر، گھٹکیسر اور بھونگیر جانے والے مقامی افراد کو بڑے راول پلی کے راستے تقریباً 20 کلومیٹر کا چکر کاٹ کر سفر کرنا پڑ رہا ہے ۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے کسی بھی ندی یا نالے کو عبور کرنے کی کوشش نہ کریں اور بارش کے دوران مکمل احتیاط برتیں۔