ندی میں کشتی رانی کے علاوہ واکنگ ٹریکس اور اوپن جمس ، ماہرین سے پراجکٹس کی طلبی
حیدرآباد۔/10 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے شہر حیدرآباد کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے موسی ندی کو مختلف نئے پراجکٹس کے آغاز کے مرکز میں تبدیل کردیا ہے۔ حیدرآباد میں ٹریفک کے مسائل اور بارش کی صورت میں پانی کی نکاسی کے ذریعہ عوام کو مشکلات سے بچانے کیلئے کئی پراجکٹس کیلئے جملہ 14 پراجکٹس کی منصوبہ بندی کی گئی جن میں بریجس اور لنک روڈس کی تعمیر شامل ہے۔ حیدرآباد روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ کے ذریعہ 5 پراجکٹس کی تکمیل کی جائے گی جبکہ موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے تحت 4 بریجس کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ باقی انفرااسٹرکچر سہولتیں حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذریعہ مکمل کی جائیں گی۔ حکومت نے شہری ترقی کے تحت حیدرآباد میں 386.8 کروڑ پر مشتمل پراجکٹس کی تیاری کرلی ہے۔ عہدیداروں کے مطابق بہتر انفرااسٹرکچر سہولتوں کے علاوہ حیدرآباد کو سرسبز و شاداب شہر میں تبدیل کیا جائے گا۔ اہم مقامات پر واکنگ ٹریکس اور اوپن جمس تعمیر کئے جائیں گے۔ حکومت کے منصوبہ کے مطابق افضل گنج پر پیدل راہرو برج 40 کروڑ سے تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ابراہیم باغ کاز وے کی تعمیر پر 24.50 کروڑ، سن سٹی اور چنتل میٹ کو مربوط کرنے کیلئے 19.10 کروڑ اِنر رنگ روڈ اور قسمت پور رنگ روڈ پر 19.10 کروڑ، موسیٰ رام باغ سڑک کی تعمیر پر 30 کروڑ، عطا پور برج سے متوازی نئے برج کی تعمیر پر 46 کروڑ، کے علاوہ موسی ندی پر مختلف علاقوں کو جوڑنے کیلئے 3 نئے بریجس کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ حکومت موسی ندی کو ترقی دیتے ہوئے اہم سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ موسی ریور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین سدھیر ریڈی نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ موسی ندی کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں جس کے تحت دریا کے تحفظ کے علاوہ کشتی رانی کی سہولتوں کا منصوبہ ہے۔ سدھیر ریڈی نے کہا کہ موسی ندی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ اس کی عظمت رفتہ کی بحالی کے ذریعہ حیدرآباد کی ترقی میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں کنسلٹنٹ، آرکیٹکس اور ماہرین سے ڈیزائن طلب کئے گئے ہیں۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ موسی ندی پر بریجس کی تعمیر پر توجہ مرکوز کریں تاکہ تلنگانہ اور حیدرآباد کی روایتی تہذیب کا احیاء ہوسکے۔ سدھیر ریڈی کے مطابق ایسے ڈیزائن جو حکومت کی منظوری حاصل کرپائیں گے انہیں علی الترتیب پہلا، دوسرا اور تیسرا انعام دیا جائے گا جو 2 لاکھ، ایک لاکھ روپئے اور 50 ہزار روپئے ہوگا۔ شہری علاقوں کی ترقی کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کابینی سب کمیٹی تشکیل دی ہے۔ر