موسی ندی کے اطراف 50میٹر کے حدود میں کوئی تعمیری اجازت نہیں

   

لندن کے طرز پر تھیمس ندی کی طرح ترقی دینے کا منصوبہ ، کمشنر جی ایچ ایم سی کے احکامات

حیدرآباد۔3۔اپریل(سیاست نیوز) موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے منصوبہ پر عمل آوری کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے تحت مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد نے فیصلہ کیا ہے کہ موسیٰ ندی کے اطراف 50 میٹر کے حدود میں کوئی بھی تعمیری اجازت نامہ جاری نہیں کیا جائے گا۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر رونالڈ روس نے اس سلسلہ میں جاری کردہ احکامات میں کہا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے موسیٰ ندی کو ترقی دیتے ہوئے اسے سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دینے کے منصوبہ کے پیش نظر جی ایچ ایم سی نے رود موسیٰ کے کنارے 50 میٹر کے دائرہ میں کسی بھی طرح کے تعمیری کاموں کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بتایاجاتاہے کہ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادنے اس سلسلہ میں تمام زونل کمشنران کو روانہ کردہ ہدایات میں کہا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے منصوبہ کے تحت رود موسیٰ کے کنارے 50 میٹر کے حصہ کو ترقیاتی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اسی لئے اس دائرہ میں کسی بھی طرح کے تعمیری اجازت نامہ کی اجرائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست میں کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے شہر کے درمیان سے گذرنے والی موسیٰ ندی کو تھیمس ندی لندن کے طرز پر ترقی دینے کے منصوبہ کا اظہار کے بعد سے اس پر عملی کام شروع کردیا ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے تھیمس ندی کے مطالعاتی دورہ کے علاوہ موسیٰ ندی کے ریورفرنٹ کی تیاری کے سلسلہ میں ڈیزائن کی تیاری کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے سلسلہ میں جاری اقدامات کے طور پر نہ صرف ڈرون سروے کروایا جارہا ہے بلکہ موسیٰ ندی کے اطراف و اکناف یا شکم میں موجود ناجائز قبضوں کی برخواستگی کے اقدامات کی بھی ہدایت دی جاچکی ہے ۔ حکومت کی جانب سے موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے لئے تشکیل دیئے گئے ادارہ کو ریاستی حکومت کی جانب سے بااختیار بنانے کے علاوہ حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی نگرانی میں کاموں کی رفتار کو تیز کرنے کا منصوبہ تیار کیا جاچکا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے موسیٰ ندی کے اطراف کئے گئے ناجائز قبضہ جات کی نشاندہی کا عمل شروع کردیا گیا ہے تاکہ ریاستی حکومت کی جانب سے موسیٰ ندی پراجکٹ پر کام کے آغاز کے ساتھ ہی ان قبضہ جات کو برخواست کروانے کے اقدامات کئے جاسکیں۔3