موسی ندی کے حدود کا اندرون 15 یوم تعین کرلیا جائیگا

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ شہر میں موسی ندی کے حدود کے تعین کو اندرون 15یوم مکمل کرلیا جائیگا ۔ موسی ریورفرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے اس عمل کا آغاز کردیا گیا ہے۔ گذشتہ دنوں محکمہ بلدی نظم و نسق کے جائزہ اجلاس میں وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کے کاموں کے سلسلہ میں دریافت کیا تھا جس پر عہدیداروں نے بتایا کہ کورونا کی صورتحال کے دوران اس عمل کو روک دیا گیا تھا لیکن جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ عہدیداروں نے موسی ندی کی حد بندی کے عمل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ان کاموں کو اندرون 15یوم مکمل کرنے کی کوشش کی جائیگی ۔بتایاجاتا ہے کہ رود موسی میں قبضوںکو برخواست کرکے نئے قبضوں کو روکنے یہ کاروائی ناگزیر ہے اسی لئے موسی ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ کے پہلے مرحلہ میں اسے مکمل کیا جانا ضرور ی ہے۔عہدیداروں نے بتایاکہ اپل اور عنبرپیٹ کے علاقہ میں ندی کے حدود کا جائزہ لیا جانے لگا ہے اور اس کے مطابق ندی کا مکمل احاطہ کرکے اس میں کچہرا ڈالنے اور قبضہ کرنے کی کوششوں کا خاتمہ کیا جائیگا ۔ حدود کا جائزہ لینے کے علاوہ بفر زون کے تعین کیلئے موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن جی پی ایس کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ باپو گھاٹ سے ناگول کے درمیان 20.85کیلو میٹر طویل رود موسی کے حدود کا تعین کیا جائے گا اور اس دوران قبضوں کی نشاندہی کرکے ان کے خاتمہ کو یقینی بنایا جائے گا۔پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار نے بتایا کہ شہر حیدرآباد سے گذرنے والی موسی ندی کی صفائی کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ موسی ندی کی صفائی ہوچکی ہے ۔انہو ںنے واضح کیا کہ موسی ندی کی صفائی کا کام مرحلہ وار انداز میں مکمل کیا جائے گا اور ندی میں کچرے کے علاوہ تعمیری ملبہ پھینکنے کے عمل کو بند کروانے کے اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔