موسی ندی کے پانی کے بہاؤ میں تیزی

   

عثمان ساگر اور حمایت ساگر سے پانی کا اخراج جاری
حیدرآباد 29 اگسٹ(سیاست نیوز) موسیٰ ندی کے بہاؤ میں تیز پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ۔ شہر کے درمیان سے بہنے والی موسیٰ ندی میں حمایت ساگر اور عثمان ساگر سے خارج پانی کی مقدار میں اضافہ کے نتیجہ میں بہاؤ میں تیزی پیدا ہونے لگی ہے۔ محکمہ آبرسانی نے عثمان ساگر کے 8 دروازوں کو کھول کر موسیٰ ندی میں پانی چھوڑنے اقدامات کئے ہیں جبکہ حمایت ساگر کے 3 دروازے کھول کر پانی خارج کیاجانے لگا ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ حمایت ساگر کے 3 دروازوں کو کھول کر 2300 کیوزک پانی کی نکاسی کی جا رہی ہے ۔ جبکہ عثمان ساگر کے 8 دروازے کھول کر 4100 کیوزک پانی کے اخراج کو یقینی بنایا جارہا ہے۔تلنگانہ میں بارش سے بیشتر ذخائر آب میں پہنچنے والے پانی کے سبب ذخائر آب کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور اسی طرح جڑواں ذخائر آب حمایت ساگر و عثمان ساگر میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ پر قابو پانے محکمہ آبرسانی سے موسیٰ ندی میں پانی چھوڑا جا رہا ہے ۔موسیٰ ندی میں پانی چھوڑنے کے بعد بلدیہ کی جانب سے رود موسیٰ کے کنارے آباد بستیوں کے مکینوں کو چوکسی کا مشورہ دیتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ وہ ندی کے بہاؤ میں تیزی کے سبب کنارے نہ رہیں اور احتیاطا محفوظ مقامات کو منتقل ہوجائیں تاکہ کسی قسم کا نقصان نہ ہو۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دونوں ذخائر آب میں پانی کی آمد اور جمع ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور سطح آب کا جائزہ لینے کے بعد پانی کا اخراج بند کرنے کے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔شہر میں موجود حسین ساگر جھیل کی سطح آب میں اضافہ پر بلدیہ حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایاکہ حسین ساگر کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے اور پانی کے اخراج کا سلسلہ جاری ہے ۔3