عہدیداروں کو چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت ۔ چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد 27 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے شہر میں بارش کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ موسیٰ ندی کے کنارے مقیم عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں ۔ عثمان ساگر اور حمایت ساگر کے گیٹس کھولنے کے بعد موسیٰ ندی میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا جس سے کئی کالونیوں میں پانی داخل ہوگیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے تازہ حالات پر رپورٹ طلب کرکے جن مکانات میں پانی داخل ہوگیا انہیں محفوظ مقامات کو منتقل کرنے اور انہیں تمام ضروری اشیاء فراہم کرنے پر زور دیا۔ کل نصف شب ایم جی بی ایس بس اسٹیشن میں پانی داخل ہونے کا بھی چیف منسٹر نے جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو محفوظ مقامات کو منتقل کرنے اقدامات کریں۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے بعد ہائیڈرا، جی ایچ ایم سی، پولیس اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار فوری املی بن بس ڈپو پہنچ گئے اور رسیوں کی مدد سے عوام کو منتقل کیا۔ چیف منسٹر نے حکام سے فون پر بات کی۔ عوام کو مشکلات سے بچانے پر زور دیا۔ بتکماں اور دسہرہ تہوار کے پیش نظر عوام اپنے آبائی مقامات کو روانہ ہورہے ہیں انہیں تمام سہولتیں فراہم کرنے پر زور دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آج بھی شہر میں بارش کی محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی جس کے پیش نظر پولیس، ٹریفک پولیس، ہائیڈرا، جی ایچ ایم سی اور محکمہ برقی کو چوکسی اختیار کرنے پر زور دیا۔ تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کو فیلڈ پر رہ کر متاثرہ عوام کی مدد کرنے کا حکم دیا۔ موسیٰ ندی کے کنارے رہنے والے عوام کی مشکلات اور دشواریوں پر فوری توجہ دینے کی ہدایت دی۔ عوام کو منتقل کرنے کیلئے کشتیاں استعمال کرنے اور ٹریفک مسائل کو حل کرنے کیلئے گاڑیوں کا رخ موڑنے کا بھی مشور دیا۔2