کچھ موجودہ برج مضبوط و مستحکم کئے جائیں گے ۔ افضل گنج پر منفرد ’ پیدل برج‘ کی تعمیر ہوگی
حیدرآباد 29 جنوری ( سیاست نیوز ) ریاستی حکومت نے آج شہر کی موسی اور عیسی ندیوں پر 15 برجس کی تعمیر کیلئے 545کروڑ روپئے کی انتظامی منظوری دیدی ہے ۔ ان برجس کی تعمیر کے ذریعہ نہ صرف ان ندیوں کو خوبصورت بنایا جاسکے گا بلکہ ان سے دونوں ندیوں کے پاس حمل و نقل کے رابطے بھی بہتر ہونگے ۔ حالانکہ موسی ندی پر کچھ برجس پہلے سے موجود ہیں لیکن شہر کی زبردست ترقی کی وجہ سے موجودہ برجس ٹریفک کے بہاؤ کیلئے کافی نہیں ہیں۔ اسی کے پیش نظر ریاستی حکومت نے موسی ندی پر مزید برجس کی تعمیر کی ضرورت محسوس کی ہے ۔ آج ان برجس کی تعمیر کیلئے 545 کروڑ روپئے کی انتظامی منظوری دیدی گئی ہے ۔ شہر کی آبادی میں مسلسل اضافہ ‘ روڈ نیٹ ورک اور ٹریفک میں اضافہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک تفصیلی ٹریفک اسٹڈی کی گئی تھی تاکہ ان مقامات کی نشاندہی کی جاسکے جہاں اضافی برجس تعمیر کئے جاسکتے ہیں۔ ان برجس کی تقری ‘ خوبصورتی اور برجس کے باب الداخلوں کو خوبصورت اور جاذب نظر بنانے کیلئے فن تعمیر کے ڈیزائین کا ایک مقابلہ بھی رکھا گیا ہے اور عوام سے تجاویز بھی طلب کی گئی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ حیدرآباد روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ کی جانبس ے رپورٹ پیش کرنے کے بعد یہ رقمی منظوری دی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ منصوبہ میں کچھ موجودہ برجس کو مضبوط کرنے کا پروگرام بھی شامل ہے ۔ اس سلسلہ میں اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات اروند کمار نے جی او جاری کیا ۔ اس منصوبے کے مطابق افضل گنج کے قریب رود موسی پر ایک پیدل برج کی تعمیر بھی شامل ہے جو مثالی ہوگا ۔ اس پراجیکٹ کے اخراجات میں 50 فیصد حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ادا کرے گی اور مابقی 50 فیصد جی ایچ ایم سی کی جانب سے قرض لیا جائیگا ۔