موضع چٹان پلی کے قریب سڑک حادثہ

   

لاری کو ٹاٹا اے سی گاڑی کی ٹکر ، تین خواتین کے بشمول 5 افر اد زخمی

شادنگر ۔ /10 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) قومی شاہراہ نمبر 44 شادنگر کے قریب واقع موضع چٹان پلی کے پاس ایک لاری کو ٹاٹا اے سی گاڑی نے پیچھے سے ٹکر دے دی ۔ جس کی وجہ سے ٹاٹا اے سی گاڑی میں سوار 5 افراد 3 خواتین ایک کمسن بچی اور ڈرائیور حادثہ میں زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد سے جڑچرلہ کی سمت جانے والی لاری کے ڈرائیور نے دیشا قتل کے مقام اور پولیس انکاؤنٹر کے مقام کو دیکھنے کیلئے سڑک کے بازو گاڑی رکھی تھی اس دوران سکندرآباد سے اپنے مقام کوتہ کوٹہ کو ٹاٹا اے سی گاڑی میں معہ سامان روانہ ہورہے تھے کہ ٹاٹا اے سی گاڑی ڈرائیور مانیکم نے دیشا کے قاتلوں کے انکاؤنٹر کے مقام کا سڑک پر گاڑی چلاتے ہوئے مشاہدہ کرنے میں مصروف تھا اور گاڑی بے قابو ہوگئی اور لاری سے جاکر ٹکراگئی جس کی وجہ سے ٹاٹا اے سی گاڑی میں سوار ایک ہی فیملی سے تعلق رکھنے والے وجیا ، مونیکا ، شانتی اور کمسن و معصوم لڑکی چھنٹی کے علاوہ ڈرائیور مانیکم حادثہ میں زخمی ہوگئے ۔ ٹاٹا اے سی گاڑی میں سوار مزید دو کمسن و معصوم بچہ بال بال حادثہ میں محفوظ رہے ۔ دیشا قتل واقعہ کے پاس موجود میڈیا کے نمائندوں نے فوری جائے حادثہ پر پہونچ کر شدید زخمی خواتین کو گاڑی سے باہر نکل کر ایک دوسری گاڑی میں سوار کرکے سرکاری ہاسپٹل شادنگر منتقل کردیا ۔ بعد ازاں مقامی پولیس موقع واردات پر پہونچ کر تفصیلی معائنہ کیا ۔ شادنگر پولیس نے کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔